
رام بن : اراضی کا بڑا حصہ کھسکنے کے باعث 15مکانوں کو نقصان،پانچ سو میٹرعلاقہ دھنس گیا
سرینگر/20فروری
جموں وکشمیر کے رام بن ضلع میں اراضی دھنس جانے کے باعث 15مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ انتظامیہ نے متاثرین کو محفوظ جگہ منتقل کیا۔
اطلاعات کے مطابق ضلع رام بن کے دکسار ، دالوا اور سنگلدان علاقوں میں اراضی کھسکنے کے باعث ابتک 15رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں پانچ سو میٹر اراضی دھنس جانے سے لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ سات رہائشی مکان پوری طرح سے زمین بوس ہو چکے ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ا±ن کا سب کچھ برباد ہو چکا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے ڈکسار دال علاقے میں ابتک 15مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ پچھلے تین دنوں سے علاقے میں اراضی کا ایک بڑا حصہ کھسک رہا ہے جس وجہ سے متعدد مکان اس کی زد میں آچکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گاوں کی اور جانے والی شاہراہ کو بھی نقصان پہنچنے کے بعد روڈ ناقابل آمدورفت بن گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جیولوجیکل سروے آف انڈیا کو اس بارے میں آگاہی فراہم کی گئی اور بہت جلد ماہرین کی ٹیمیں علاقے کا دورہ کرئے گی۔
دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن نے ٹیوٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایاکہ متاثرین کو شامیانے اور دوسری ضروریات زندگی کی اشیاءفراہم کی گئی۔بتادیں پچھلے کئی ہفتوں سے جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں جن میں رام بن ، ڈوڈہ اور اب سونہ مرگ شامل ہیں میں اراضی کھسکنے کے باعث متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
Comments are closed.