راجوری کے ڈانگری گاوں کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا
جمو/02 جنوری
جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے ڈانگری گاوں کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔بتادیں کہ اتوار کے روز راجوری کے ڈانگر ی گاوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں چار عام شہری جاں بحق ہوئے تھے۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز ڈرونز کے ذریعے مشتبہ ملی ٹینٹوں کو تلاش کر رہے ہیں۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ راجوری کے ڈانگری گاوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں چار عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد علاقے میں زبردست کشیدگی پائی جارہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح فوج ، پولیس ، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف نے گاوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ ذرائع کے مطابق گاوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا جبکہ ڈرونز کے ذریعے مشتبہ ملی ٹینٹوں کو تلاش کیا جارہا ہے۔دفاعی ذرائع نے تلاشی آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وسیع جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔دفاعی ذرائع نے بتایا راجوری میں سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار چوبیس گھنٹے اپنی خد مات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کھوجی کتوں اور ڈرونز کے ذریعے مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کیا جارہا ہے تاہم ابھی تک سیکورٹی فورسز کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
Comments are closed.