راجستھان میں کانگریس کی زبردست لہر، بی جے پی سے ناراضگی: اشوک گہلوت
کانگریس جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے راجستھان اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے حق میں زبردست لہر کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ برسراقتدار بی جے پی سے ناراض ہیں۔ راجستھان میں دو بار پارٹی کی حکومت کی کمان سنبھال چکے گہلوت نے یہاں یواین آئی کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کہا ہے کہ ریاست میں پارٹی کی زبردست لہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ،’’پوری ریاست میں کانگریس کی تائید میں زبردست ’خاموش لہر‘ہے۔‘‘ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بی جے پی اور وزیراعلی وسندھرا راجے کے خلاف اندرونی ناراضگی ہے۔
گہلوت نے طنزیہ انداز میں کہا کہ محترمہ راجے عوامی پروگراموں میں لیڈروں اور لوگوں سے بڑی عاجزی کے ساتھ مل رہی ہیں۔ اخبار میں تصویر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پچھلے پانچ برسوں میں وہ عوام کے ساتھ عاجزی و انکساری سے پیش آئی ہوتیں اور رانی ماں کی طرح برتاؤ کیا ہوتا تو آج یہ حالات پیدا نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بی جےپی کو گزشتہ الیکشن میں 163سیٹیں ملی تھیں لیکن پارٹی نے لوگوں کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ان کا بھروسہ جیتنےکے بجائے ان سے دوری بنائے رکھی اور ان کے کام نہیں کئے۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ ریاست میں ریفائنری ،میٹرو پروجیکٹ،آدی واسی علاقوں میں ترقی اور کرولی اور ٹونک میں ریلوے لائن کا کام آگے نہیں بڑھا۔ اس سے لوگوں میں ناراضگی ہے۔ اس کے علاوہ بے روزگاری ،امن و قانون کی ابترحالت اور بدعنوانی کے معاملے میں حکومت کی ناکامی کی وجہ سے لوگوں میں سخت اشتعال ہے۔
Comments are closed.