دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کی صورتحال بدل گئی ، کشمیر اب سوئٹزرلینڈ سے کم نہیں / نتیش پرمانک

سرینگر /23فروری /

شہرہ آفاق گلمرگ میں ” کھیلو انڈیا “ پروگرام میں شرکت کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت کے مرکزی وزیر مملکت نتیش پرمانک نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک منعقدہ تمام کھیلو انڈیا کھیلو سرمائی کھیلوں میں سے، اس سال کے ایڈیشن دلکش رہے ہیں۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا ”پہلے چار ایڈیشن صرف ایک ٹریلر تھے۔ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ہمارے کھلاڑی کسی بھی کھیل میں پیچھے نہیں ہیں۔ وہ مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ نہ صرف قومی بلکہ ہم یہاں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد چاہتے ہیں۔ فی الحال، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیح دی جا رہی ہے اور مستقبل میں، ہم یہاں بین الاقوامی کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کریں گے“۔

پرمانک نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کی صورتحال بدل گئی ہے۔ تمام رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔ اب لوگ بغیر کسی خوف کے یہاں آ رہے ہیں۔ وہ کشمیریوں کی مہمان نوازی کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں یہاں G20 سربراہی اجلاس منعقد ہوا اور مندوبین نے جموں و کشمیر اور اس کے لوگوں کی تعریف کی۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا کھیلوں کا ملک بنانے کا خواب پورا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کی کوششوں سے یہ خواب پورا ہو رہا ہے۔پرمانک نے کہا کہ کشمیر موسم سرما کے کھیلوں کیلئے سوئٹزرلینڈ کی جگہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا ” جیسا کہ میں نے کل کہا تھا کہ سوئٹزرلینڈ کھیلوں کے شائقین کیلئے موسم سرما کی منزل ہوا کرتا تھا۔ اب، ہم نے دیکھا ہے کہ سوئٹزرلینڈ سے کھلاڑی یہاں سرمائی کھیلوں کیلئے آرہے ہیں“۔

Comments are closed.