خورشید گنائی نے طلاب پر نئی ٹیکنالوجی سے ہمکنار ہونے اور اسے سمجھنے پرزور، آئی آئی ایم جموں میں دو روزہ ایچ آر کنکلیو اختتام پذیر

جموں: گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے آج طلاب پر زور دیا ہے کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کو سمجھے اور اسے اختیار کریں ۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لئے کوئی چھوٹا راستہ نہیں ہے بلکہ اس کے لئے محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنا لازمی ہے ۔
مشیر موصوف آج یہاں انڈین انسٹی چیوٹ آف منیجمنٹ میں دو روزہ ایچ آر کنکلیو کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس پروگرام کے دوران قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 40ایچ آر سربراہوں نے 6پینل مباحثوں میں حصہ لیا۔
خورشید احمد گنائی نے طلاب ، انتظامیہ اور ڈائریکٹر آئی آئی ایم جموں پروفیسر بی ایس سہائی کو اس طرح کا پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کے لئے مبارک باد دی۔
اپنے ذاتی تجربات کا اظہار کرتے ہوئے خورشید احمد گنائی نے طلاب پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ کام کر کے زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھیں ۔ انہوں نے چوتھے صنعتی انقلاب اور دور جدید میں عملائی جارہی جدید ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوئوں کو بھی اُجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کے بغیر مستقبل کے بارے میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے طلاب سے کہا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو مکمل طور سے بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ طلاب کو اموشنل انٹلی جنس کی اہمیت کو سمجھنا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ اس کی بدولت مختلف اہداف کی حصولیابی ممکن ہوگی۔
خورشید احمد گنائی نے جموں میں قومی سطح کے آئی آئی ایم ادارے کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا کہ جموں وکشمیر میں تکنیکی تعلیم کے تصور کو آگے بڑھانے میں یہ ادارہ اہم رول ادا کرسکتا ہے ۔

Comments are closed.