خانیار کی خاتون کا ٹسٹ مثبت آنے پر ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کو تشویش

خاتون کے رابطے میں آنے والے تمام افراد کو طبی نگہداشت میں رکھنا ضروری ۔ ڈاکٹر نثارالحسن

سرینگر: وادی میں ایک خاتون کا ٹسٹ مثبت آنے کے ساتھ کشمیر میں کوروناکا پہلا کیس سامنے آنے پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے محکمہ ہیلتھ کشمیر پر زوردیا ہے کہ مذکورہ خاتون کے ساتھ رابطے میں رہنے والے تمام افراد کی جانچ کی جانی چاہئے خاص کر ان افراد کا پتہ لگانا چاہئے جو خاتون کے ساتھ جہاز میں سفر میں تھے یا ائرپورٹ پر خاتون نے جن افراد کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے اپنے ایک بیان میں اس بات پر سخت تشویش کااظہار کیا ہے کہ وادی کشمیر میں کوروناوائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر میں پہلی خاتون جس کا تعلق سرینگر کے خانیار علاقے سے ہے کا ٹسٹ مثبت آیا ہے مذکورہ خاتون دو روز پہلے سعودی عرب سے واپس وادی پہنچی ۔ ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا ہے کہ مذکورہ خاتون کے ساتھ جو قریبی رابطے میں تھے ان سب کو بھی قرنطینوکی ضرورت ہے خاص کر یہ دیکھنا ہوگا کہ مذکورہ خاتون جس ہوائی جہاز کے ذریعے یہاں پہنچی اُس ہوائی جہاں کی سیٹ کے اگلے اور پچھلے تین روئوں پر بیٹھنے والے افراد کا بھی ٹسٹ کرنا ضرور ی ہے اور ائر پورٹ پر ان سے رابطہ جن افراد کے ساتھ ہوا تھا ان کو بھی ٹسٹ کیلئے بلایا جانا انتہائی ناگزیر بن گیا ہے ۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ اس کے علاوہ خاتون سے ملنے ان کے گھر جتنے بھی افراد آئے ہیں ان سب کی طبی جانچ ہونی چاہئے اور انہیں بھی طبی نگہداشت میں رکھنا ضرور ی ہے بصورت دیگر یہ مہلک وائر س کس طرح سے پھیل کر اپنا کام کرجائے گا کسی کو علم نہیں ہوگا۔

Comments are closed.