جے پی کو جموں و کشمیر میں لانے والے آج مجھ پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں:عمر عبداللہ
جموں، 9 اپریل
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پی ڈی پی کو جموں وکشمیر کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملا کر جموں و کشمیر کو تباہ کیا آج وہ مرکزی وزیر کے ساتھ فوٹو کھینچنے پر مجھ پر الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقف بل پر جو ہاؤس میں نہیں ہو سکا وہ ہم باہر کریں گے۔وزیراعلی نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘وقف بل پاس ہوا اس پر اکثر و بیشتر ممبر یہاں پریشان ہیں جو ہاؤس میں اپنی پریشانی کا اظہار کرنا چاہتے تھے لیکن بد قسمتی سے انہیں اپنی بات رکھنے کا موقع نہیں ملا’۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ہم اس بل پر ہاؤس میں نہ کر سکے وہ ہم باہر کر کے دکھائیں گے۔
باغ گل لالہ میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو کے ساتھ فوٹو کھینچنے کی وضاحت کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا: ‘جنہوں نے بی جے پی کی گود میں بیٹھ کر جموں وکشمیر کی تباہی کی اور دودھ اور مٹھائی کی بات کرکے جموں وکشمیر کا تماشا دیکھا، نوجوانوں میں کرکٹ بیٹ تقسیم کئے اور ان کو اس وقت کے وزیر داخلہ کے پروگراموں میں گھسیٹ کر لایا آج وہ مجھ پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘یہ صحیح بات ہے کہ دو دن پہلے میں اپنے والد صاحب کو ٹولپ گارڈن لے گیا تھا اور اتفاق سے مرکزی وزیر (کرن رجیجو) وہاں موجود تھے اور انہوں نے وہاں میرے ساتھ فوٹو کھینچنا چاہا’۔ان کا کہنا تھا: ‘تو کیا میں انکار کرتا اور بد تمیزی کرتا’۔
وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘فوٹو کو آج وہ لوگ میرے خلاف استعمال کرتے ہیں جو بی جے پی کو جموں وکشمیر میں لانے کے ذمہ دار ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سال 2016 کے قتل و غارت پر جموں وکشمیر کے لوگوں سے معافی نہیں مانگی’۔
Comments are closed.