جٹی بوٹیاں حاصل کرنے کے دوران دو افراد گہری کھائی میں جاگرے

دونوں کی موقعے پر ہی موت ، بڈگام کے کھاگ علاقے میں صف ماتم

سرینگر/05 مئی: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے سے تعلق رکھنے والے دو اشخاص گوگلڈارا جنگلات جڈی بوٹیاں حاصل کرنے کی غرض سے گئے ہوئے تھے جہاں پر جڈی بوٹیا ں کاٹنے کے دوران دونوں ایک پہاڑی سے پھسل کر گہری کھائی میں جاگرے اور فوت ہوگئے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں کھاگ علاقے سے تعلق رکھنے والے دو افراد مشتاق احمد وانی ولد غلام حسین اور عبدالرشید شاہ ساکنان ناگہ بل کھاگ گاگلڈارہ کے جنگلات میں قیمتی جڈی بوٹیاں حاصل کرنے کی غرض سے گئے ہوئے تھے جس دوران جڈی بوٹیاں کاٹتے کاٹتے دونوں ایک پہاڑی پر پہنچے جس دورا ن اچانک ایک شخص کا پیر پھسل گیا اور وہ پہاڑی سے نیچے گرنے لگا اس کے ساتھ ہی دوسرے شخص کا بھی پیر پھسل گیا اور دونوں ایک گہری کھائی میں جاگرے جہاں پر دونوں شدید زخمی ہوکر کھائی میں ہی دم توڑ بیٹھے ۔ اس ضمن میں پولیس ذرائع نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی نعشوں کو نکالا گیا ہے اور اس سلسلے میں کیس درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کی گئی ہے ۔ ادھر دو اشخاص کی موت کی خبر جونہی ان کے علاقہ پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا اور علاقہ ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا ۔

Comments are closed.