جونائل جسٹس لاء میں ترمیم کی کوششیں تشویشناک، گورنر انتظامیہ ایسے حساس معاملات منتخبہ حکومت کیلئے ہی چھوڑ دیں: نیشنل کانفرنس
سرینگر: نیشنل کانفرنس نے گورنر کی سربراہی والی ریاستی انتظامی کونسل پر زور دیا ہے کہ جونائل لاء میں کسی بھی قسم کی تبدیلی لانے اجتناب کیا جائے۔پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی نے انتظامی کونسل کی طرف سے ریاست کے جونائل جسٹس سسٹم میں غیر ضروری مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ذرائع ابلاغ میں شائع رپورٹوں کے مطابق گورنر انتظامیہ ریاست کے
جونائل جسٹس لاء میں تبدیلی کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس گورنر انتظامیہ پر زور دیتی ہے کہ ایسی کسی بھی کوشش سے پہلے وسیع پیمانے پر صلاح و مشورے کی ضرورت ہے۔ گورنر صاحب اس بارے میں پہلے ریاست کی عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیکر وسیع پیمانے پر صلاح و مشورے کرنے چاہئیں۔ ترجمانِ اعلیٰ نے نئی جمہوری حکومت کے قیام تک صحیح ڈھنگ سے انتظامی معاملات چلانا اور عوام کو تمام ضروریاتِ زندگی فراہم کرنا گورنر انتظامیہ کی ترجیح ہونی چاہئے اور ایسے معاملات پر فیصلے لینا عوامی حکومت پر ہی چھوڑ دیا جانا چاہئے۔ کیونکہ جمہوری طور منتخب حکومت کو عوامی اعتماد حاصل ہوتا ہے۔ ایک جمہوری نظام میں ایسے معاملات قانون سازیہ کے سامنے رکھے جاتے ہیں اور ان پر وسیع پیمانے پر بحث و مباحثہ ہوتا ہے اور اتفاقِ رائے کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جاتا ہے۔ ہم گورنر انتظامیہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس قسم کے معاملات کیساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہ کریں اور ایسے حساس معاملات ایک منتخبہ حکومت کیلئے ہی چھوڑ دیں۔
Comments are closed.