جنوبی کشمیر میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک نوجوان کو اغوا کے بعد ہلاک کردیا

سری نگر ، 16نومبر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں گذشتہ رات نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک مقامی نوجوان کو اغوا کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ مہلوک نوجوان جس کی شناخت صفا نگری شوپیان کے رہنے والے ندیم منظور ڈار کے طور پر ہوئی ہے، کی گولیاں سے چھلنی لاش پڑوسی ضلع پلوامہ کے نکلورہ نامی علاقہ سے برآمد کی گئی ہے۔
ریاستی پولیس نے ہلاکت کے اس واقعہ کے لئے جنگجوﺅں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ بردار ضلع شوپیان کے صفانگری میں ندیم منظور ڈار نامی نوجوان کے گھر میں داخل ہوئے اور اسے بندوق کی نوک پر اپنے ساتھ لے کر گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ندیم جس کی عمر 19 برس بتائی جارہی ہے، کی لاش پڑوسی ضلع پلوامہ کے نکلورہ سے برآمد ہوئی۔
دریں اثنا ریاستی پولیس نے اغوا اور ہلاکت کے اس واقعہ کے لئے جنگجوﺅں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ریاستی پولیس کی طرف سے جمعہ کی صبح جاری ہونے والے ایک پریس بیان میں کہا گیا ‘جنگجوﺅں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران ایک نوجوان کو زبردستی اغوا کرلیا اور بعد میں اسے گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ شہری کی شناخت صفانگری شوپیان کے رہنے والے ندیم منظور کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ اس کی گولیوں سے چھلنی لاش نکلورہ پلوامہ سے برآمد ہوئی۔ واقعہ کی نسبت متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے’۔
یو این آئی

Comments are closed.