جنوبی کشمیر میں تیز آندھی کی وجہ سے رہائشی مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، ژالہ باری سے سیب کے باغات تباہ
سری نگر02 ستمبر
جنوبی کشمیر کے کولگام اور شوپیاں اضلاع میں پیر کی سہ پہر موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی تیز آندھی چلنے کی وجہ سے کئی رہائشی مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ نصف درجن کے قریب گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ شوپیاں میں ژالہ باری کی وجہ سے سیب کے باغات تباہ ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی سہ پہر کولگام میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تیز آندھی کی وجہ سے متعدد رہائشی مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔کولگام کے پمبئی علاقے میں درخت اکھڑنے سے تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم اس دوران کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ ضلع کولگام میں درجنوں درخت جڑ سے اکھڑنے کی وجہ سے بجلی نظام بھی درہم برہم ہو کررہ گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کولگام میں تیز آندھی کی وجہ سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کی خاطر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
دریں اثنا شوپیاں میں ژالہ باری کی وجہ سے کھیت کھلیانوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سہ پہر کے بعد شوپیاں میں زور دار ژالہ باری کی وجہ سے سیب کے باغات ریگستان کا منظر پیش کرنے لگے۔نامہ نگار نے بتایا کہ دس منٹوں تک ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں سیب ک باغات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔
انہوں نے کہاکہ پہاڑی علاقوں میں بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
Comments are closed.