جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو دیا جیت کا منتر ، کیا یہ بڑا دعوی !۔

نیوزی لینڈ کے بعد اب پاکستان کی ٹیم اس ماہ کے آخر میں جنوبی افریقہ سے ٹکرائے گی ۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو سینچورین میں کھیلا جائے گا اور دونوں ٹیمیں تین ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی ۔ اس دورہ کیلئے پاکستانی ٹیم جوہانسبرگ کیلئے روانہ بھی ہوچکی ہے ۔

جنوبی افریقہ کے دورہ پر جانے سے پہلے پاکستانی نیوز چینل جیو نیوز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے بڑا بیان دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیم دلیر بن کر اپنا فطری گیم کھیلے گی ، وہی کامیاب ہوگی ۔ ساتھ ہی ساتھ سرفراز احمد نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو جیت کا منتر بھی دیا ۔

انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ شکست سے خوفزدہ نہ ہوں اور کھل کر دلیری کے ساتھ اپنا نیچرل گیم کھیلیں ۔ ساتھ ہی ساتھ کپتان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ملی شکست کو فراموش کردیں اور نئی سیریز میں نئے عزم و حوصلہ کے ساتھ میدان پر اتریں ۔ سرفراز نے ہہ بھی دعوی کیا کہ اگر پاکستان نے اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو وہ سیریز جیت سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سیریز گنوانے کے بعد پاکستانی ٹیم اور ان کے کپتان سرفراز احمد ان دنوں تنقید کی زد پر ہیں ۔ یہی نہیں چیف سلیکٹر بھی کھلاڑیوں کو وارننگ دے چکے ہیں کہ اگر یہی صورتحال رہی اور ناکامیاں ملتی رہیں تو ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں اور کچھ بڑے کھلاڑیوں کو باہر کی راہ دکھائی جاسکتی ہے ۔

Comments are closed.