جموں و کشمیر میں یکم اپریل سے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جائے گا /حکومت

سری نگر،21فروی
حکومت کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق جموں وکشمیر میں یکم اپریل سے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں پراپرٹی ٹیکس کے متعلق ایک فارمولا بھی دیا گیا اور یہ کہ متعلقہ آفیسران کو اس حوالے سے درکار ہدایت بھی دی جارہی ہے۔
بتادیں کہ اس حکم نامے کے بعد شہری علاقوں میں زمینوں کا ٹیکس لینے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیلوپمنٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا:’ جموں وکشمیر میونسپل ایکٹ 2000 کے سیکشن 71کے ذریعے حاصل شدہ اختیارات کے تحت حکومت جموں وکشمیر میونسپلٹیوں اور میونسپل کارپوریشنوں میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی، نفاذ اور اس کی نشاندہی کے لے قوانین مقرر کرتی ہے۔’نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ان قوانین کو جموں وکشمیر پراپرٹی ٹیکس کے نام سے جانا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قوانین یکم اپریل 2023 سے نافذ العمل ہوں گے۔حکم نامے میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کا فارمولہ بھی دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ آفیسران کو اس فارمولہ کے بارے میں درکار ہدایت دی جارہی ہے۔
جموں وکشمیر سرکار کی جانب سے حکم نامہ جاری کرنے کے بعد شہری علاقوں میں زمینوں کا ٹیکس لینے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کو وزارت داخلہ نے اکتوبر 2020میں میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوں کے ذریعے یونین ٹریٹری میں پراپرٹی ٹیکس لگانے کی اجازت دی تھی۔جموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ 2020کے تحت وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر میونسپل ایکٹ 2000اور جموں وکشمیر میونسپل کارپوریشن ایکٹ 2000میں ترمیم کی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ٹیکس فی الحال بلدیاتی علاقوں میں نافذ کیا جائے گا۔بتادیں کہ انسداد تجاوزات مہم کے بعد جموں وکشمیر کے حدود میں پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ سے لوگوں میں ایک دفعہ پھر بے چینی کی لہر دوڑ گی ہے۔

Comments are closed.