سری نگر ، 16نومبر: جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کے بعد ہفتہ کے روز سے 9 مرحلوں پر مشتمل پنچایتی انتخابات کے تحت ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہوگا۔
ریاست کی گورنر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پنچایتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے لئے سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انتخابی کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا ‘ریاست میں پنچایتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی نوٹیفکیشن کے مطابق 47 بلاکوں کے 536 پنچایت حلقوں اور 4 ہزار 48 پنچ حلقوں میں پولنگ ہونی ہے۔ ان 47 بلاکوں میں سے 26 صوبہ کشمیر (بشمول لداخ) جبکہ 21 صوبہ جموں میں ہیں۔ پہلے مرحلے کے انتخابات کے لئے 6 ہزار 378 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں سے 427 امیدوار سرپنچ اور 5 ہزار 951 امیدوار پنچ عہدوں کے لئے قسمت آزمائی کررہے ہیں’۔
انہوں نے بتایا ‘پہلے مرحلے کے تحت جن علاقوں میں ہفتہ کو ووٹ ڈالے جانے ہیں، ان میں سے بیشتر علاقے دور دراز اور پہاڑی ہیں۔ بعض علاقے ایسے ہیں جن کا برف باری سے متعلقہ اضلاع تک زمینی رابطہ منقطع ہوکر رہ گیا ہے۔ ہم نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ان علاقوں تک الیکشن عملے اور الیکشن مواد بھیج دیا ہے’۔
ریاست میں پنچایتی انتخابات7 سال کی مدت کے بعد منعقد کئے جارہے ہیں۔ آخری بار یہ انتخابات سنہ 2011 میں کرائے گئے تھے۔ بلدیاتی انتخابات کے برعکس پنچایتی انتخابات غیرسیاسی بنیادوں پر منعقد کئے جارہے ہیں اور ان میں بیلٹ پیپر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ تاہم غیرسیاسی بنیادوں پر کرائے جانے کے باوجود سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔
جاری یو این آئی۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.