جموں وکشمیر میں مناسب وقت پر اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے:منوج سنہا

سرینگر،11ستمبر

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ کر عام لوگوں کو با اختیار بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے نے پچھلے 75 برسوں کے مقابلے میں گذشتہ 3 برسوں کے دوران مثبت تبدیلی دیکھی۔ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے جموں و کشمیر کو لوٹا ہے ان کو جوابدہ بنایا گیا۔

موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں کنونشن سینٹر میں جے اے کے ایف اے ایس جریدے کے افتتاحی ایڈیشن کے اجرا کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جو سسٹم کورپشن کی بنیادوں پر چل رہا تھا اس کو ختم کر دیا گیا اور اب سسٹم کی شفافیت سے عام آدمی اپنے آپ کو با اختیار محسوس کر رہا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘جنہوں نے جموں و کشمیر کو لوٹا ان کو جوابدہ بنایا گیا اور جموں وکشمیر بینک جو آج ایک تاریخ رقم کر رہا ہے، کو بھی مشکلات سے دوچار ہونا پڑا’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ جموں وکشمیر میں مناسب وقت پر اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا: ‘مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جی نے پارلیمنٹ میں کہا کہ جموں وکشمیر میں انتخابات منعقد ہوں گے جس کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کرے گا’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں امید ہے کہ جموں وکشمیر کے 80 فیصد لوگ موجودہ نظام کے حق میں ووٹ ڈالیں گے’۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کچھ لوگوں کو موجودہ سسٹم کے ساتھ مسئلہ ہے لیکن کورپشن میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سب کچھ تحت قانون انجام دیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کو باقی ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ فنڈس ملتے ہیں اور اب لوگوں نے بھی محسوس کیا ہے کہ وہ پیسہ کہاں جاتا تھا۔منوج سنہا نے کہا کہ کئی دہائیاں قبل جموں وکشمیر کے تمام شعبوں میں کورپشن کی جڑیں بہت گہری تھیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم نے بد عنوانی کے خلاف کثیرالجہتی کارروائی کی ہے اور ملوثین کے خلاف کڑی کارروائی انجام دی ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر تیزی سے ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے اور اسی طرح لوگوں کی انتظامیہ کے ساتھ کافی توقعات وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے اور لوگوں خاص طور پر غریبوں اور پسماندہ افراد کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لئے لگن کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔یواین آئی

Comments are closed.