جموں وکشمیر میں سال 2022ءمیں 1.88 کروڑ سیاحوں کی آمد سے سیاحتی صنعت عروج پر

سری نگر/14فروری
جموںوکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ریکارڈ1.88کروڑ سیاحوں نے سال 2022ءمیں مختلف مشہورسیاحتی مقامات کی خوبصورتی سے لطف اَندوز ہونے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی کا دورہ کیا۔
جموںوکشمیر یوٹی میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد نے مختلف خطوں میں سب سے زیادہ روزگار پیدا کیا ہے،جس نے جموںوکشمیر کے لوگوں ، ثقافت اور معاشرے کو بااِختیار بنانے کے لئے تعمیری نقطہ نظر ، تبدیلی کے اَقدامات اور ناگزیر اِصلاحات سے اِس کی مجموعی ترقی کو اُجاگر کیا ہے۔
مرکزی حکومت خطے کے لوگوں کے لئے بنیادی ڈھانچے کی بہتر سہولیات کو یقینی بنانے اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے بھی زور دے رہی ہے ۔اِس کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے او ررابطوں میں بہتری کے علاوہ بہتر اَمن و اَمان ، اُمید اَفز ا حفاظتی نظام اور اَمن کی بحالی سے سیاحتی سرگرمیوں میں اِضافہ ہوا ہے۔
اِنتظامیہ بھی جموںوکشمیر یوٹی میں مختلف مذہبی سیاحتی سرکٹس تیار کرکے یاتریوں کی سیاحت کی مکمل صلاحیت کو تلاش کرنے پر مرکوز ہے ۔ ماتا ویشنو دیوی کے درشن کے لئے آنے والے عقیدت مندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جارہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق منتلائی ویلنس سینٹر کا تعمیراتی کام 80کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور کٹرہ ملٹی ماڈل سٹیشن کے ڈیزائن کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔اِسی طرح توی ریور فرنٹ پر کام شدومد سے جاری ہے۔ اِس کے علاوہ مانسر اور سرنسر نے ملک کے سیاحتی نقشے پر اَپنی جگہ بنائی ہے۔ حکومت اس برس مقامی لوگوں اور سیاحوں کے لئے سناسر ٹیولپ گارڈن کھولنے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔
اِسی طرح جموں ، کٹھوعہ ، رام بن ، رِیاسی ، سانبہ اور اودھم پور میں 18 تاریخی ثقافتی ورثے کے مقامات کے تحفظ اور تزئین و آرائش کا کام جلد ہی شروع ہوگا۔ اِس برس اپریل میں جمبو چڑیا گھر کو لوگوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ دیہی علاقوں میں روزگار پیدا کرنے اور معاشی خوشحالی کو فروغ دینے کے مقصد سے ہوم سٹے سکیم شروع کی گئی ہے ۔
یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ سال 2021ءمیں نئی جے اینڈ کے فلم پالیسی کے آغاز سے ہی جموںوکشمیر فلم اِنڈسٹری کے لئے شوٹنگ کی پسندیدہ جگہ کے طور پر اُبھرا ہے اور دو برس سے بھی کم عرصے میں 150 سے زیادہ فلموں اور ویب سیریز کی شوٹنگ کی اِجازت دی گئی ہے ۔
جموںوکشمیر ایک سیاحتی مقام کے طور پر جسے اَب تمام ممکنہ عالمی فورموں پر فروغ دیا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ حالیہ برسوں میں اِس میں سیاحوں کی آمد و رفت اور ہوائی ٹریفک کی سب سے زیادہ تعداد دیکھنے میں آئی ہے ۔
اِس برس سیاحوں کی ریکارڈ تعداد درج کی گئی ہے اور یہ گزشتہ دو برسوں میں محکمہ سیاحت اور شراکت داروں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔جموںوکشمیر اَب تفریحی اور مہم جو سیاحت میں ایم آئی سی اِی سیاحت کے لئے کھل رہا ہے۔
گزشتہ دو مہینوں کے دوران بہت سے کارپوریٹ وفود نے کشمیر کا دورہ کیا اور آنے والے سیزن کے لئے بہت سے منصوبے بنائے گئے ہیں۔ٹریول کمپنیوں کے ایگزیکٹیوز اَپنے گاہکوں کے ساتھ وادی کا دورہ کرتے ہیں اور اِس طرح کشمیر کارپوریٹ سیاحتی مقام کے طور پر بھی اُبھر رہا ہے۔
جموںوکشمیر میں ایم آئی سی اِی سیاحت کے لئے درکار تمام بنیادی ڈھانچہ ، خدمات اور سیاحتی پیکیج موجود ہے ۔ محکمہ نئی ایڈونچر سرگرمیوں کے تعارف ،تشہیری مہمات ، روڈ شوز اور تقریبات سے تمام طبقات میں سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے ایک جامع اَنداز میں کام کررہا ہے ۔اِنتظامیہ سیاحوں کی دِلچسپی کو برقرار رکھنے کے لئے مستقل بنیادوں پر کا م کر رہی ہے۔

Comments are closed.