جموں میں کولگام کا نوجوان گرفتار؛ نقدی رقم اور ہتھیار و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ ، پونچھ میںگرینیڈ بر آمد
سرینگر/05اپریل/سی این آئی// جموں میں پولیس نے ایک کشمیری نوجوان سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کے قبضے سے نقدی رقم اور دیگر قابل اعتراض چیزیں برآمد کرلی گئیںہیں۔ گرفتار شدہ نوجوان کا تعلق کولگام سے بتایا جاتا ہے جس سے پوچھ تاچھ کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔ پولیس نے جموں کے جھاجر کوٹلی علاقے میں ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والے اسلامک اسٹیٹ آف جموں و کشمیر سے وابستہ ایک جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جموں پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جھاجر کوٹلی علاقے میں ناکے کے دوران ایک شخص کو گرفتار کیا جس نے ناکے سے بھاگنے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس شخص کے بیگ سے ایک پستول، آٹھ گولیاں اور ایک لاکھ تیرہ ہزار روپیے نقدی بر آمد کئے گئے ہیں ۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ نوجوان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ نوجوان جموں میں کس مقصد سے ہتھیار لیکر آیا ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے ۔ ادھر ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے علاقہ چاپڑیاں سے فوج اور پولیس نے پیر کو ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ایک زندہ گرینیڈ بر آمد کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فوج اور پولیس نے پو نچھ کے علاقہ ساوجیاں چاپڑیاں سے ایک زندہ گر ینیڈبرآمد کیا جو زنگ آلودہ تھا۔بعد ازاں ماہرین نے مذکورہ گرینیڈ کوناکارہ بنایا۔
Comments are closed.