جموں سرینگر شاہراہ کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح: عمر عبداللہ
جموں،22اپریل
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز رامبن ضلع میں حالیہ شدید بارشوں، بادل پھٹنے اور تودے گرنے کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح عمر عبداللہ نے اپنے سیاسی مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے چندرکوٹ پہنچنے کے بعد متاثرہ علاقے سیری کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر رامبن بصیر الحق چودھری نے انہیں زمینی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیدل چل کر متاثرہ مقامات کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں کے مسائل سنے۔
اس موقع پر ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن شمشاد شان اور ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بعد ازاں رامبن بازار پہنچے، جہاں انہوں نے نقصانات کا مشاہدہ کیا۔
دورے کے دوران راستے میں کچھ متاثرہ افراد نے وزیراعلیٰ کی گاڑی کو روکا اور اپنی پریشانیاں بیان کیں، جس پر عمر عبداللہ نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور ان کے نقصان کے ازالے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز عمر عبداللہ نے دشوار گزار پہاڑی راستے پر کئی کلومیٹر پیدل سفر کرکے کیلا موڑ کا دورہ کیا، جہاں بادل پھٹنے کے بعد اچانک سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔
اس قدرتی آفت کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ متعدد رہائشی مکانات، گاڑیاں اور قومی شاہراہ کو شدید نقصان پہنچا۔
وزیراعلیٰ نے مقامی افراد اور ضلع انتظامیہ کے افسران سے بات چیت کے دوران جاری راحت کاری و بچاؤ کارروائیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا’تباہی کی شدت افسوسناک ہے۔ ہماری انتظامیہ زمین پر موجود ہے اور ہر متاثرہ خاندان تک امداد پہنچانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ ہم متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔‘
Comments are closed.