حیدرآباد19 مارچ: تلنگانہ میں کورونا وائرس کا خطرہ سنگین نوعیت کا نہیں ہے لہٰذا عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ حکومت کی جانب سے احتیاطی اقدامات پر عمل آوری اور شخصی احتیاط سے وائرس کو روکا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے آج کورونا وائرس خطرے پر اعلی سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وزراء پولیس عہدیداروں کے علاوہ ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹ پولیس نے شرکت کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کے احتیاطی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں تاحال کورونا وائرس سے متاثرہ 14 افراد کا پتہ چلا ہے۔ ان میں سے ایک شخص بھی تلنگانہ کا نہیں ہے بلکہ یہ وہ لوگ ہیں جو بیرونی ممالک سے حیدرآباد آئے تھے۔ چیف منسٹر نے وائرس کے پھیلائو کو روکنے سنیما تھیٹرس، فنکشن ہالس، بار، پبس، کلبس امیوزمینٹ پارک، سویمنگ پولس، جمس، انڈو اینڈ آئوٹ ڈور اسٹیڈیمس، زو پارک اور میوزیمس کو 28 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام جلسوں، اجلاسوں، سمینار، ورک شاپ، تقاریب، ریالی، ایگزیبیشن، ٹریڈ فیر، کلچرل ایونٹس کی اجازت نہیں رہے گی۔ تمام تعلیمی ادارے، کوچنگ سنٹرس، سمر کوچنگ سنٹرس 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ ایس ایس سی امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔ مالس، سوپر مارکٹس، دکانیں اور چھوٹے ادارے کھلے رہیں گے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ بیرونی ممالک سے آئے افراد پر نظر رکھی جائے اور ان کا پتہ چلتے ہی آبزرویشن میں رکھا جائے۔ انہیں ابزرویشن سنٹر یا گھر میں رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد، منادر، چرچس، گردوارہ اور دیگر عبادتگاہوں میں عوام کے داخلے کو کم کرنے مذہبی شخصیتوں سے اپیل کی گئی ہے۔ مذہبی شخصیتوں نے حکومت کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہجوم روکنے یہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگادی اور سری رام نومی تقاریب منسوخ کردی گئی ہیں۔ 25 مارچ کو اگادی کے موقع پر پروگرام، لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا اور باقاعدہ کوئی تقریب نہیں ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ جیسے آر ٹی سی بسوں، ٹیکسی اور کیابس میں صفائی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
کلکٹرس اور ایس پیز کو ہدایت دی گئی کہ وہ بیرونی ممالک سے آئے افراد پر نظر رکھیں۔ حیدرآباد میں تاحال 1160 افراد کو میں آبزرویشن کیلئے رکھا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے آنے والے بیرونی ممالک کے افراد پر نظر رکھنے 18 چیک پوسٹ قائم کئے جارہے ہیں جو عادل آباد، کومرم بھیم، بھینسہ، کلور (کھمم)، پالونچا (بھدرادری)، اشوارائو پیٹ (بھدرادری)، ناگرجنا ساگر (نلگنڈہ)، وشنوپورم (نلگنڈہ)، کوداڑ (سوریا پیٹ)، کرشنا (محبوب نگر)، عالم پور (گدوال)، ظہیر آباد (سنگاریڈی)، سالورا (نظام آباد)، مدنور (کاماریڈی)، حیدرآباد سری۔ سیلم روڈ، حیدرآباد۔بھوپال پٹنم، حیدرآباد ۔بیجاپور اور سرونچا کے درمیان ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر گاڑیوں کی تلاشی سے بیرونی افراد کا پتہ چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی امتحانات کیلئے طلبہ نے تر تیاریاں کرلی ہیں لہٰذا تعلیم کو متاثر کئے بغیر امتحانات جاری رہیں گے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ امتحانی مراکز میں روزانہ صفائی کا کام انجام دیں۔ بلیچنگ پائوڈر صفائی کی اشیاء استعمال کی جائیں۔ امتحانی مراکز میں بنچوں کو روزانہ ڈیٹال سے صاف کیا جائے۔ مال، سوپر مارکٹس اور کرانہ شاپس کو بند کرنے سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔ انہیں کھلا رکھتے ہوئے ہجوم کو کم کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے تعلق سے آئندہ دنوں میں صورتحال کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا۔ شادی خانے بند کرنے سختی سے ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوف و دہشت کا شکار نہ ہوں کیوں کہ تلنگانہ میں صورتحال قابو میں ہے۔ عوام احتیاط کریں تو وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے۔ آر ٹی سی بسیں بدستور چلائی جائیں گی اور ایمرجنسی سرویس ختم نہیں ہوگی۔ حکومت عوام کو مشکلات سے دوچار کرنا نہیں چاہتی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ کل وزیراعظم نریندر مودی سے ویڈیو کانفرنس میں تمام انٹرنیشنل فلائٹس کو بند کرنے کی اپیل کریں گے کیونکہ جتنے بھی مریض آئے ہیں وہ بیرونی ممالک سے آئے ہیں لہٰذا انٹرنیشنل فلائٹس فوری بند کیئے جائیں۔ انہوں نے تائیوان کی مثال پیش کی اور کہا کہ چھوٹے سے ملک نے احتیاطی تدابیر کے ذریعہ وائرس کے داخلے کو روک دیا اور وہاں ایک شخص بھی کورونا سے متاثر نہیں ہوا ہے۔
Comments are closed.