تدریسی نقصان کو پُر کرنے کے لئے محکمہ تعلیم کی طرف سے کسی تعطیل کے دوران سکولوں کو کھلا رکھنے کا کوئی حکم نامہ صادر نہیں ہواہے /ناظم تعلیم

البتہ تدریسی نقصان کی بھرپائی کے لئے ہم نے سکولی سربراہان کو اضافی کلاسز کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی ہے ڈاکٹر جی این ایتو کی وضاحت

سرینگر؍10؍مئی؍ جے کے این ایس؍ تدریسی نقصان کو پُر کرنے کے لئے کسی تعطیل کے دوران محکمہ تعلیم کی طرف سے سکولوں کو کھلا رکھنے کا کوئی حکم نامہ صادر نہیں ہواہے۔البتہ Academic lossکی صورت میں ہم نے سکولی سربراہان کو اضافی کلاسز کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ناظم تعلیم
کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے یا ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کی طرف سے ممکنہ تدریسی نقصان کی بھرپائی کے لئے تعطیلات کے دوران سکولوں کو کھلا رکھنے کا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ناظم تعلیم نے وضاحت کی کہ Academic lossکو پُر کرنے کے لئے ہم نے پہلے ہی سکولی سربراہان کو باضابطہ طور ہدایت دی ہے کہ وہ ایسی صورت میں سکولوں میں اضافی کلاسز کا اہتمام کریں۔ ناظم تعلیم نے کہا کہ حال ہی میں ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کو اس سلسلے میں مختلف حلقوں کی طرف سے بہت ساری تجاویز موصول ہوئیں تھیں جن میں یہ تجویز بھی شامل ہے کہ Academic lossکو پُر کرنے کے لئے تعطیل کو استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مختلف حلقوں کی طر ف سے موصولہ اس تجویز کو محکمے کے اعلیٰ حکام کی طرف سے اگر منظوری مل جاتی ہے تو اُس صورت میں باضابطہ حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ محکمے کی طرف سے جو بھی احکامات جاری کئے جا تے ہیں اُن کی تشہیر باضابطہ مستند میڈیا اداروں کی طرف سے کروائی جاتی ہے۔

Comments are closed.