ریکارڈ کے ڈیجیٹائزیشن کی وکالت کی
جموں:گورنر کے مشیر بی بی وِیاس نے ریوینو محکمہ کو مزید متحرک بنا کر ریکارڈ اور جمعبندیوں کی ڈیجیٹائزیشن کرنے کی افسروں کو ہدایت دی ہے تاکہ ریاست میں عوامی دوست اراضی ریکارڈ کو وجود میںلایا جاسکے۔
مشیر موصوف آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران مال محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لے رہے تھے۔
میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مال ڈاکٹر پون کوتوال ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما، کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ ، کسٹودین جنرل فاروق احمد شاہ ، ڈی سی جموں رومیش کمار اور مال محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اور دیگر اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
مشیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ کے کام کاج میں بہتری لانے کے لئے ایک روڑ میپ تیار کریں تاکہ بہترنتائج زمینی سطح پر عیاں ہوں ۔اُنہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے اس محکمہ کی طرف سے لوگوں کو کم سے کم مدت میں بہتر خدمات کی دستیاب ممکن ہوسکے گی۔
بی بی وِیاس نے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ اس کام کو کم سے کم مدت میں مکمل کیا جانا چاہیئے۔اُنہوں نے کہا کہ سکین کئے گئے دستاویزات کے معیار کی جانچ کی جانی چاہیئے ۔
فائنانشنل کمشنر مال نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ 31؍جولائی 2018ء تک 2.5کروڑ دستاویزات کی سکیننگ کی گئی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت کا ہفتہ وار بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ اس کام کو جلد از جلد پایہ تکمیل پہنچایا جاسکے۔
مشیر نے جمعبندیوں کی اَپ ڈیشن کے کام کابھی جائزہ لیا اور اس میں سرعت لانے کی ہدایات دیں۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہفتہ وار اہداف مقررکرنے چاہیئے ۔اُنہوں نے کہا کہ فیڈ بیک حاصل کرنے کا ایک مؤثر نظام بھی وجود میں لایا جانا چاہیئے ۔
بی بی وِیاس قومی شاہراہوں اور دیگر بڑی اہم سڑکوں کی میپنگ کاکام ہاتھ میں لینے کی ہدایت دی تاکہ ناجائز تجاوزارت پر قابو پایا جاسکے۔اُنہوں نے دونوں صوبوں کے ڈویژنل کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر تجاوزات پر نظر گزر رکھیں۔
اُنہوں نے پی ایم ڈی پی کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کے سلسلے میں اراضی سے جُڑے معاملات کا بھی جائزہ لیا۔ مشیر نے ان رُکاوٹوں کو جلد از جلد دُور کرنے کی ہدایت دی تاکہ پروجیکٹوں پر ہورہے کام میں سرعت لائی جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی کمشنروں کو یہ بات یقینی بنانی چاہیئے کہ اداروں کے قیام کے لئے مختلف اضلاع میں سرکاری زمین کو بروئے کار لایا جاسکے ۔
مشیر نے پی آر سیز جاری کرنے کے عمل میں آسانی لانے کی ہدایت دی تاکہ عام لوگوں کو کسی قسم کی دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اُنہوں نے مال محکمہ کے ملازمین کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے ایک سیل تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔
Comments are closed.