سرینگر 15 دسمبر/: حریت کانفرنس نے بین الاقوامی حقوق انسانی کے دن کے حوالے سے جموں وکشمیر میں حکمرانوں کی جانب سے شہریوں کیخلاف کریک ڈاؤن ، مزاحمتی قائدین ، کارکنان اور ہمدردوں کے نقل و حمل پر پہرے بٹھانے، گرفتار کرنے، خانہ نظر بند رکھنے اور گھروں میں شبانہ چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ کس قدر شرم اور افسوس کی بات ہے کہ 10 دسمبر کی آمد سے قبل ہی حکمران طبقہ نے اپنے انسانیت سوز مظالم ، جبر و استبداد ، سرکاری چیرہ دستیوں، ہراسانیوں اور ریاستی دہشت گردی کی اپنی ظالمانہ کارروائیوں کو چھپانے کیلئے یہاں کی مزاحمتی قیادت ، کارکنوں اور حریت پسند نواجوانوں کو چن چن کر گرفتار کرکے گھروں اور تھانوں میں نظر بند کرنے کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے تاکہ ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے عبارت انتقام گیرانہ کارروائیوں سے بھارت سمیت بین الاقوامی برادری کو گمراہ کیا جاسکے ۔بیان میں کہا گیا کہ حریت چیرمین جناب میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق سمیت بزرگ مزاحمتی رہنما جناب سید علی شاہ گیلانی ، جناب یاسین ملک ، جناب محمد اشرف صحرائی اور دیگر درجنوں حریت پسند رہنماؤں کو مسلسل خانہ و تھانہ نظر بند رکھ کر ان کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر پہرے بٹھا دیئے گئے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔بیان میں عوامی مجلس عمل اور حریت رہنماؤں میں مشتاق احمد صوفی ، فاروق احمد سوداگر اور دیگر سرگرم کارکنوں کے گھروں میں پولیس اور فورسز کے شبانہ چھاپوں اورگھر والوں کی ہراسانیوں کیخلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اب تاجر انجمنوں سے وابستہ رہنماؤں جن میں محمد یاسین خان اور ان کے40 تاجر رفقاء بھی شامل ہیں کو پر امن احتجاجی پروگرام میں شرکت کی وجہ سے گرفتار کرکے ان سب کومقامی تھانے میں مقید کرنے سے گریز نہیں کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ21ویں صدی جو کمپیوٹر ایج اور تیز ترمواصلاتی نظام کا دور ہے حکومت ہند زیادہ دیر تک کشمیری عوام کے تئیں روا رکھی گئی بربریت ، جارحیت اور سفاکیت کو چھپانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتی۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوں کے بڑھتے ہوئے گراف کے حوالے سے انسانی حقوق کی معتبر اور مستند تنظیمیں اور مہذب اقوام و ممالک پوری طرح باخبر ہیں اور حکومت ہند سے نہتے مظلوم اور محکوم کشمیریوں پر انسانی سوز مظالم کو رکوانے کیلئے آئے روز دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.