بڈگام خونین جھڑپ :بڈگام اور جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں انٹر نیٹ خدمات معطل

جنوبی کشمیر کا ریل رابطہ ساتویں روز بھی منقطع ،صارفین اور مسافروں کو زبردست مشکلات

سرینگر/28نومبر/سی این آئی / بڈگام جھڑپ میں لشکر کمانڈر اورا س کے ساتھی کی ہلاکت کے بعد جنوبی کشمیر میں ساتویں روز بھی ریل خدمات منقطع رہی جبکہ بڈگام اور جنوبی کشمیر کے کئی اضلاع میں موبائیل انٹر نیٹ سروس بند رہنے کے نتیجے میں صارفین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ سی این آئی کے مطابق چھتر گام بڈگام میں فوج اور جنگجوؤں کے درمیان ہوئی خونین جھڑپ میں لشکر کمانڈر اور اس کے ساتھی کے جاں بحق ہونے کے بعد ریلوئے حکام نے مسافروں کی جان و مال کی حفاظت اور سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بڈگام اور بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات بدھ کو ایک مرتبہ پھر معطل رہی ۔ بدھ کو ایک مرتبہ پھر ریل خدمات بند رہنے کے نتیجے میں جنوبی کشمیر کا ریل رابطہ مسلسل ساتویں روز بھی منقطع رہا ۔ریلوئے کے ایک آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی طرف سے حکم نامہ ملنے اور سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ریل سروس کو آج دن کے لئے معطل کر دیا گیا ۔ادھر ریل سروس کے اچانک معطل ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اورسینکڑوں کی تعداد میں مسافر ریلوئے اسٹیشنوں پر پہنچ جانے کے بعد گھروں کی طرف واپس لوٹنے پر مجبور ہوئے۔اسی دوران جھڑپ میں جنگجوؤں کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیلتے ہی موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق مواصلاتی کمپنیوں کے صارفین نے اس بات کی شکایت کی کہ اچانک ان کا موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی منقطع ہو ا جس کے نتیجے میں صارفین کو کافی مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔

Comments are closed.