بلیوارڈ روڈ سرینگر پر گھاٹ نمبر 17 کے قریب واک وے کا ایک حصہ بہہ گیا، لوگوں میں تشویش
سری نگر، 20 فروری
سری نگر کے معروف بلیوارڈ روڈ پر گھاٹ نمبر 17 کے قریب ڈل جھیل کے ساتھ واک وے کا ایک حصہ بہہ گیا جس سے حال ہی میں نصب کئے گئے ٹائلوں اور نیچے کی مٹی کو کافی نقصان پہنچا ہے۔اس واقعے سے جھیل کے کنارے کے بنیادی ڈھانچے کی پائیداری کے بارے میں لوگوں میں خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں لوگوں بلاخصوص سیاحوں کا سال بھر رش رہتا ہے۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے ‘ایکس’ ہینڈل پر اس واقعے کا ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا ہے: ‘بلیوارڈ روڈ سری نگر کے گھاٹ نمبر 17 کے قریب ایک نازک مسئلہ سامنے آیا ہے جہاں راستہ اور مٹی بہہ گئی ہے’۔
موصوف نے ضلع مجسٹریٹ سری نگر سے اس سلسلے میں فوری مداخلت کرنے کی تاکید کی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کٹاؤ نے واک وے کے ایک حصے کو غیر مستحکم اور غیر محفوظ کر دیا ہے جس سے پیدل چلنے والوں اور خوبصورت بلیوارڈ اسٹریچ پر آنے جانے والوں کے لیے خطرہ پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ محکمے نے اس کی طرف توجہ نہیں کی اور فوری اور ٹھوس اقدام نہیں کئے گئے تو اس سے نہ صرف مزید حصے کو نقصان پہنچ سکتا ہے بلکہ یہاں آنے جانے والے لوگوں کے لئے خطرے پیدا ہوسکتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی بدیاری چوک ڈل گیٹ کے قریب راستے کا ایک بڑا حصہ بہہ گیا تھا۔
Comments are closed.