بارہمولہ میں 3 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف مقدمہ درج:پولیس

سرینگر،29دسمبر

منشیات کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے تین انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس نے مجاز حکام سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد تین بدنام زمانہ اور انتہائی مطلوب منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منشیات فروشوں کو حراست میں لے کر سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں قید رکھا گیا۔

بیان میں منشیات فروشوں کی شناخت سہیل احمد صوفی ولد غلام حسن، ظہور احمد بٹ ولد غلام احمد ساکنان سولندا کھائی پورہ ٹنگمرگ اور وسیم احمد ڈارولد محمد سلطان ساکن واتل پورہ ٹنگمرگ کے بطور کی گئی ہے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروشوں کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور وہ ضلع بارہمولہ کے دیگر علاقوں میں منشیات اسمگلنگ کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے باوجود یہ منشیات فروش اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کرئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو پولیس کے ساتھ دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔

Comments are closed.