اگنو نے نئے داخلوں اور دوبارہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 فروری 2025 تک بڑھا دی
سرینگر، 04فروری
اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (آئی جی این او یو) نے جاری تعلیمی سیشن کے لیے نئے داخلوں اور دوبارہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 15 فروری 2025 تک توسیع کر دی ہے۔ اس توسیع کا مقصد ایسے طالب علموں کو داخلے کی سہولت فراہم کرنا ہے جو مقررہ آخری تاریخ کے اندر داخلے کی رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے سے قاصر تھے۔
اس سال، اگنو نے کامرس، اکنامکس، ہسٹری، پولٹیکل سائنس، پبلک ایڈمنسٹریشن، سوشیالوجی، انتھرپالوجی، ہندی، سنسکرت، اردو، سوشل ورک، فلسفہ، بائیو کیمسٹری اور فیسلٹیز اور سروس مینجمنٹ جیسے شعبوں میں چار سالہ انڈر گریجویٹ پروگرام (ایف وائی یو پی) متعارف کرائے ہیں۔خواہش مند طلبہ وادی کشمیر میں سٹیڈی سنٹروں کے نیٹ ورک سے اپنے من پسند سینٹر کا انتخاب کر سکتے ہیں، جن میں گورنمنٹ ڈگری کالج، ایس کے آئی ایم ایس، این آئی ای ایل آئی ٹی، کمپوزٹ علاقائی مرکز سرینگر، کشمیر یونیورسٹی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کرگل اور لداخ کے مراکزقابل ذکر ہیں۔ علاقائی مرکز سرینگر ان پروگراموں کے لیے ایک خصوصی سٹیڈی سینٹر کے طور پر بھی کام کرتا ہے جو دوسرے لرنر سپورٹ سینٹرز پر دستیاب نہیں ہیں۔ایسے طلبہ جو بی سی اے، ایم سی اے اور ایم ایس سی آئی ایس جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی پروگراموں میں دلچسپی رکھتے ہیں کے لیے، این آئی ای ایل آئی ٹی سرینگر ایک سٹیڈی سینٹر کے طور پر دستیاب ہے۔ این آئی ای ایل آئی ٹی آئی ٹی اور الیکٹرانکس سیکٹر میں طلباء کے درمیان انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے رہنمائی اور تربیتی پروگرام بھی فراہم کرے گا۔
اگنو کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اے ایچ رضوی نے کہا کہ داخلے اور دوبارہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ زیادہ طلبہ تعلیمی مواقع تک رسائی حاصل کر سکیں۔تازہ داخلوں کے علاوہ، جنوری 2025 کے لیے دوبارہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ او ڈی ایل (اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ) اور آن لائن طریقوں میں پیش کیے جانے والے تمام پروگراموں کے لیے 15 فروری 2025 تک بڑھا دی گئی ہے۔ ڈاکٹر رضوی نے مزید کہا کہ طلباء کو اپنے پروگراموں کے دوسرے یا تیسرے سال کے لیے اپنی دوبارہ رجسٹریشن فوری طور پر مکمل کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔خواہش مند طلباء اور سیکھنے والے مزید تفصیلات کے لیے اگنو کی سرکاری ویب سائٹ ignou.ac.in یا علاقائی مرکز سرینگر کی ویب سائٹ rcsrinagar.ignou.ac.in پر جا سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے وہ ریجنل سینٹر سرینگر سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
Comments are closed.