ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ، علاقے میں تلاشی آپریشن جاری /فوج کا دعویٰ
سرینگر/13نومبر/سی این آئی/ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے بیچ جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر فوج نے ایک جنگجو کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کونمائندے نے دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ منگل کو اکھنور سیکٹر میں کھوری کے مقام پر کنٹرول لائن کی نگرانی پر مامورفوج نے گشت کے دوران خار دار تار کے نزدیک جنگجوئوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی۔دفاعی ذرائع کے مطابق جب فوج نے آس پاس کے علاقہ کو گھیرے میں لے کرجنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی تو جواب میں انہوں نے فوج پر اندھادھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میںفوج کے کئی اہلکار زخمی ہوئے۔ دفاعی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ جنگجوئوں کا گروپ لائن آف کنٹرول کے اِس پار آنے کی کوشش کررہا تھا جس پر فوج نے فوری کارروائی عمل میں لائی۔ابتدائی گولی باری کے بعد کچھ دیر خاموشی چھائی رہی اور بعد میں طرفین ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے۔دفاعی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ رک جانے کے بعد فورسز نے علاقے میں دوبارہ سے تلاشی آپریشن شروع کیا تو انہوں نے جھڑپ کی جگہ سے ایک عدم شناخت جنگجو کی نعش بر آمد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق علاقہ میں اگر چہ گولیوں کا تبادلہ رْک گیا ہے لیکن فوج کو خدشہ ہے کہ جنگجو ئوںنے لائن آف کنٹرول کے متصل گھنے جنگلات میں پناہ لے رکھی ہے۔انہیں تلاش کرنے کیلئے فوج کی مزید کمک کی مدد سے وسیع جنگلات کو گھیرے میں رکھا گیا ہے اور آخری اطلاع ملنے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’بھارتی فوج نے اکھنورسیکٹر میں دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنادیا۔ اس میں ایک جنگجو ہلاک ہو گیا ۔علاقہ میں آپریشن جاری ہے۔
Comments are closed.