اپنی پارٹی نے انتخابی منشور جاری کیا،سردیوں میں 5 سو یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا وعدہ
سری نگر، 21 اگست
جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے بدھ کے روز اسمبلی انتخابات کے لئے انتخابی منشور جاری کیا جس میں مکمل ریاستی درجے کی بحالی کے لئے جد وجہد سمیت کئی وعدے کئے گئے ہیں۔
منشور میں وادی کشمیر میں سردیوں کے دوران 5 سو یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کشمیری نوجوانوں جو گھنائونے جرائم میں ملوث نہیں ہیں، کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کی منسوخی کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا: ‘ہم جموں وکشمیر کے مکمل ریاستی درجے کی بحالی کے لئے جد وجہد کریں گے’۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کشمیری نوجوانوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹز کے بارے میں بھی بات کرے گی۔
مسٹر میر نے کہا: ‘ہمارا ایجنڈا ان تمام نوجوانوں کو رہا کرنا ہوگا جنہوں نے گھنائونے جرائم کا ارتکاب نہیں کیا ہے اور ہم انہیں ایمنسٹی کے تحت رہا کرانے پر کام کریں گے’۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ترمیم شدہ قوانین کی بحالی، اراضی اور نوکریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور کشمیری پنڈتوں کی باقار واپسی کے لئے جد وجہد کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی اولڈ پنشن اسکیم پر بھی کام کرے گی اور کشمیر خطے میں ماہ سرما کے دوران 5 سو یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
اپنی پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں دربار مو کی روایت کو دوبارہ بحال کرنے اور جموں و کشمیر میں سکھ کمیونٹی کو اقلیتی درجہ دلانے کے لئے کام کرنے کا وعدہ کیا۔
پارٹی نے انتخابی منشور میں کے سی سی قرضے کو بھی معاف کرانے کے لئے کام کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
منشور کے مطابق اپنی پارٹی منشیات کی لعنت کے خلاف ایک مضبوط پالیسی عمل میں لائی گی اور ہر سطح پر کورپشن کی بیخ کنی کے لئے کام کرے گی۔
پارٹی نے اپنے منشور میں کہا ہے کہ وہ روشنی ایکٹ پر دوبارہ غور کرے گی۔
Comments are closed.