اوڑی جھڑپ:ایک ملی ٹینٹ ہلاک، آپریشن ہنوز جاری :دفاعی ترجمان

سری نگر،23جون

شمالی ضلع بارہ مولہ کے اوڑی سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک ملی ٹینٹ کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اطلاعات کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج اور بی ایس ایف نے ہفتے کی صبح اوڑی سیکٹر میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے اور اتوار کی صبح تک آپریشن کو موخر کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ اتوار اعلیٰ الصبح سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ ایک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کو اطلاع ملی ہے کہ دراندازی کے ذریعے ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ اس طرف آنے میں کامیاب ہوا ہے جن کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے۔

دریں اثنا سری نگر نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا :’اوڑی سیکٹر کے بجرنگ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک دہشت گرد مارا گیا ۔‘

انہوں نے کہاکہ تلاشی آپریشن جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Comments are closed.