اونتی پورہ میں سرگرم ملی ٹینٹ اسلحہ سمیت گرفتار :پولیس

سری نگر18نومبر

سیکورٹی فورسز نے اونتی پورہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ سرگرم ملی ٹینٹ کو اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 42آر آر، 180بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے پنگلش ترال میں سرگرم ملی ٹینٹ ارشاد احمد چوپان ولد عبدالرحمن ساکن لرگام ترال کو دھر دبوچا ۔
انہوں نے کہاکہ جامہ تلاشی کے دوران گرفتار ملی ٹینٹ کے قبضے سے پستول، 18گولیوں کے راونڈ اور دو میگزین برآمد ہوئے ۔
موصوف ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ گرفتار ملی ٹینٹ جنوبی کشمیر میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ24اکتوبر 2024کو شوبھم کمار ساکن بنجور اتر پردیش پر فائرنگ کے واقعے میں اس کا ہاتھ رہا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے یو ایل اے پی دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

Comments are closed.