اقوام متحدہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار / انتونیوگوتریس

خطے کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشاک ، دونوں ممالک کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا ئیں

سرینگر/: اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقات کی اور خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ بھارتی دھمکیوں، جارحانہ بیانات اور کشمیر میں مسلمانوں پربھارتی مظالم کا نوٹس لے جب کہ عالمی ادارہ خطے میں کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے۔دوسری جانب ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ترجمان کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاک بھارت کشیدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کشمیر کے ضلع پلوامہ میں خودکش حملے میں 46 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے تاہم پاکستان نے اس الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دے گا۔

Comments are closed.