اقتدار میں آنے پر جیلوں میں بند نوجوانوں کے لئے عام معافی کا اعلان کریں گے:سید الطاف بخاری

سری نگر، 28 اگست

جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئے گی تو وہ جیلوں میں بند نوجوانوں کے لئے عام معافی کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی واحد وہ جماعت ہے جو سال 2019 سے لوگوں کے حقوق کے لئے لڑ رہی ہے۔

موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘اگر ہم اقتدار میں آئے تو نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ کو بند کرائیں گے اور جن کے خلاف ایف آئی آر درج ہیں، جن کو تھانوں پر بلایا جاتا ہے، ان کے لئے عام معافی کا اعلان کریں گے’۔ان کا کہناتھا: ‘آج جن نوجوانوں کے خلاف مقدمے درج ہیں ان کو سال 1996 سے آنے والی حکومتوں کے دوران یہ مقدمے لگے ہیں’۔

نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان الائنس کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر بخاری نے کہا: ‘ہمارا کسی کے ساتھ الائنس نہیں ہے کسی پارٹی کو سپورٹ کریں گے نہ کسی پارٹی سے سپورٹ مانگیں گے’۔انہوں نے کہا: ‘الائنس کے حوالے سے ہمارا ماضی کا تلخ تجربہ ہے ہم الائنس سے بہت ڈرتے ہیں کیونکہ جموں وکشمیر میں ان الائنسز کا لوگوں پر بہت برا اثر پڑتا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ جو منشور میں ہم نے بجلی کے 5 سو یونٹ مفت فراہم کرنے اور دیگر وعدے کئے ہیں ہم اقتدار میں آنے پر ان کو عمل میں لائیں گے۔اپنی پارٹی صدر نے کہا: ‘اپنی پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو پانچ اگست 2019 کے بعد سامنے آگئی اور لوگوں کے حقوق کے لئے لڑ رہی ہے’۔انہوں نے کہا:’ہم نے ساڑھے تین ہزار لوگوں کو رہا کرایا اور جموں وکشمیر کے لوگوں کی اراضی اور نوکریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا’۔

Comments are closed.