اقتدار حاصل کرنے کے بعد محض ایک ماہ میں اٹانومی رزولیشن پاس کریں گے : ڈاکٹر فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس ریاست کی کلہم ترقی کیلئے کام کرے گی

سرینگر/20 دسمبر : سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ نے انہیں صحت بخشی اور لوگ انہیں ووٹ دیکر اقتدار دلائیں گے تو وہ محض ایک ماہ کے اندر اندر ریاستی اسمبلی میں اٹانومی کی روزولیشن پاس کرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹانومی ہماری پارٹی کا کور ایجنڈا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ریاست جموں و کشمیر سے سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ رکن پارلیمان و سربراہ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ نے انہیں صحت بخشی اور لوگوںنے نیشنل کانفرنس کے حق میں ووٹ دیکر ہمیں جیت دلائی تو اقتدار میں آنے کی صورت میں ہم محض ایک ماہ کے اندر اندر اسمبلی میں اٹانومی کے حق میں ریزولیشن پاس کرکے ریاست کی اندرونی خود مختاری کو بحال کرائیں گے ۔ موصوف نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق ممبر اسمبلی گگن بھٹ کے پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست جموں و کشمیر کی واحد وہ جماعت ہے جو تمام خطوں کے لوگوں کی ترجمانی کرتی ہیں اور ہمارا مقصد یہی ہے کہ ہم ریاست میں کلہم ترقی کیلئے کام کریں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابقہ ایم ایل اے گگن بھگت نے جموں میں ڈاکٹرفاروق عبداللہ اور دیگر پارٹی لیڈران کی موجودگی میں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی جن کا پارٹی میں والہانہ استقبال کیا گیا ۔

Comments are closed.