اعجاز احمد میر پی ڈی پی سے مستعفی ،آزاد امید وار کے بطور اسمبلی انتخاب لڑیں گے

سرینگر /23اگست /

پی ڈی پی کے ضلع صدر شوپیان اور سابق ممبر اسمبلی وچی و سنیئر لیڈر اعجاز احمد میر نے پارٹی کو خیر آباد کہہ دیا ہے اور آزاد ممبر کی حیثیت سے آئندہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات لڑیں گے۔

ورکران کی ایک میٹنگ میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعجاز احمد میر جو کہ ڈی ڈی سی ممبر بھی رہ چکے ہیں نے کہا کہ پارٹی مینڈیٹ کسی اور کو دیے جانے پر حیران رہ گئے۔انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے پارٹی کے لیے مہم چلا رہے ہیں اور جب انہیں مینڈیٹ کا علم ہوا تو وہ اپنے حلقے کے ایک گاوں میں کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا ” اگر پارٹی کا ایسا ارادہ تھا تو انہیں کم از کم مجھ سے رابطہ کرنا چاہیے تھا اور مجھے اعتماد میں لے کر کوئی فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔ اس طرح مینڈیٹ چھیننا ذلت ہے اور آدمی ذلت کے سوا کچھ بھی برداشت کرسکتا ہے، اس لیے میں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ “

ان سے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن لڑیں گے لیکن ایک بار پھر اپنے کارکنوں کے ساتھ بیٹھیں گے اور انہیں اعتماد میں لے کر معاملات طے کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مینڈیٹ کا فیصلہ پارٹیاں نہیں کرتیں بلکہ عوام کرتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ لوگ میرے حق میں ووٹ دے کر اپنا مینڈیٹ دیں گے۔امکان ہے کہ اعجاز احمد میر اب آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ پی ڈی پی نے غلام محی الدین وانی کو وچی کا حلقہ انچارج مقرر کیا ہے۔

Comments are closed.