اشاعت کی 36ویں سالگرہ پر اِک عرضِ تمنا ہے سوہم کرتے رہیں گے
تعمیل اِرشادآج یعنی 30جون 2024ء کو اپنی اشاعت کے 36سال پورا کرنے کے بعد 37ویں سال میں داخل ہونے جارہاہے ۔
آج سے پورے 36برس قبل30جون 1988ءکو تعمیل ارشاد کا پہلا شمارہ ہفت روزہ کی صورت میں منظرِ عام پر آیا جو بعد ازاں روزنامہ کی شکل اختیار کرکے آج بھی جموں وکشمیر کے صحافتی افق پر اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ نمودار ہے ۔ تعمیل ارشاد نے اپنے پہلے ہی شمارے میں یہاں کے عوام کی امنگوں کی حتی المقد ور ترجمانی اور اُن کے مصائب و مسائل کو بے باکی کے ساتھ سامنے لانے کو اپنا بنیادی مقصد قرار دینے کا جو اعلان کیا تھا آج بھی اس پر اپنے پورے عزم وہمت کے ساتھ قائم ہے اور تمام تر مشکلات کے باوجود حصول ِ مقصد کے لئے مصروفِ عمل ہے۔ تعمیل ارشاد آج جس خد وخال کے ساتھ آپ کے سامنے ہے ،صرف اور صرف آپ کی محبتوں اور ہم پر اعتبار کا ہی ماحصل ہے ۔مشکلات و مسائل زندگی کے ہر شعبے کا حصہ ہوتے ہیں اور روزنامہ تعمیل ارشاد بھی اس سے مبرا نہیں رہ سکا۔
ادارہ تعمیل ارشادخوش قسمت ہے کہ عوام نے پہلے دن سے ہی اس کو شرف قبولیت بخشا اور اس طرح عوام اور ادار ے کے درمیان ایک عملی اورجذباتی رشتہ استوار ہوتا گیا اور قدرت کے فضل و کرم سے یہ رشتہ روز بروز مضبوط و مستحکم ہوتا جارہا ہے ۔ اشاعت کے اس طویل عرصے کے دوران ادارے نے بہت ہی صبر آزما مراحل کا سامنا کیا ۔کئی بار سرکاری بے اعتنائیاں بھی سفر میں حائل ہوئیں اور کبھی سیاسی ریشہ دوانیوں نے بھی تعمیل ارشاد کا راستہ روکنے کی کوششیں کیں لیکن قدرت کے فضل اور قارئین کی محبت و تعاون نے ہمارا سفر آسان بنا دیا ۔ساری رکاوٹوں کو پھلانگ کر تعمیل ارشاد آج جس مقام پر پہنچا ہے اور جس طرح سے عوامی پذیرائی اور قبولیت سے فیض یاب ہورہا ہے ،وہ ہمارے لیے باعث افتخارہے۔قارئین نے ادارہ تعمیل ارشاد کو جس طرح سے اپنی ترجمانی کے قابل سمجھ کر اس پر اپنا اعتبار جتایا ہے ،اسی اساس کو لے کر یہ ادارہ آپ کی خدمت جاری وساری رکھے گا ۔اپنے معزز قارئین سے ایک گزارش یہ بھی ہے کہ دراصل صحافتی پیشہ زمانے کے تقاضوں کے مطابق تجدید کا تقاضا کرتا ہے ۔ابتداء میں اخبارات کی اشاعت لیتھو طرز پر ہوتی تھی ۔اِس کے بعد آفیسٹ پرنٹنگ کا دور شروع ہوا اور تقریباً دو دہائیوں سے کشمیر میں بھی اخبارات نے اپنے قارئین کو رنگین صفحات پر مواد پیش کرنا شروع کیا ۔یہ انقلابی تبدیلیاں زمانے کے ساتھ ہوتی رہتی ہیں لیکن اس وقت میڈیا اور صحافت نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو بھی اپنایا ہوا ہے۔ آپ کا تعمیل ارشاد بھی اس ضمن میںپیچھے نہیں رہ سکتا تھااور دیگر شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے بعد اب روزنامہ تعمیل ارشاد کی خبریں اور مضامین ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بھی دستیاب ہیں اور یہاں بھی عوام کی آواز کو زور وشور سے اُجاگر کرکے ارباب اقتدار تک پہنچایاجاتا ہے۔اس سب کے ہوتے ہوئے بھی ادارہ مکمل ہونے کا دعویٰ نہیں کرسکتا ،ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔
اخبارتعمیل ارشاد کی کوالٹی کو نئی اونچائیوں پر لے جانے کیلئے کام جاری ہے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مزید معیاری بنانے کے لئے ادارہ ہمہ تن مصروف ہے ۔زبان و بیان کی خامیوں سے بھی انکار نہیں کیاجاسکتا اور معزز قارئین جب بھی کسی جگہ خامی یا غلطی کی نشاندہی کرتے ہیں توادارہ اس کا فوری طور نوٹس لے کر اس کی تصحیح کرنے میں دیر نہیں کرتاہے۔ ہم آپ سے اسی طرح تعاون و محبت کے طلب گار ہیں اور ہمیں امید قوی ہے کہ ہمارے قارئین کرام مستقبل کے سفر میں بھی یونہی ہمارے شانہ بشانہ ساتھ رہیں گے۔
Comments are closed.