اسسٹنٹ کمشنر لیبر پلوامہ کی سربراہی میں ضلع کے مختلف بازاروں کا معائنہ
سرینگر /26نومبر /
لیبر قوانین اور بچہ مزدوری ایکٹ پر عملدرآمد کرانے کیلئے جنوبی ضلع پلوامہ میں متعلقہ محکمہ متحرک ہو گیا ہے جس کے چلتے اسسٹنٹ کمشنر لیبر کی سربراہی میں ایک ٹیم نے اتوار کے روز ضلع کے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا اور اس دوران خلاف ورزی کے مرتکبین پر 25ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔
سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لیبر پلوامہ حفصہ قیوم نے اتوار کے روز اپنی ٹیم کے ہمراہ جن میں لیبر آفیسر ، لیبر انسپکٹر او ر دیگر اہلکار شامل تھے نے جموں و کشمیر شاپس اینڈ اسٹبلشمنٹ ایکٹ اور چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت معائنہ ضلع کے بازاروں میں ایک مہم چلائی ۔
اس مہم کے دوران اسسٹنٹ کمشنر لیبر حفصہ قیوم اور ان کی ٹیم نے پلوامہ، اونتی پورہ اور لیتہ پورہ علاقے میں بازاروں کا معائنہ کیا جس دوران انہوں نے دیکھا کہ محکمہ لیبر کی جانب سے جاری کردہ قوانین پر مکمل عملدر آمد ہو رہا ہے یا نہیں ۔ معائنہ کے دوران انہوں نے کچھ مقامات پر قوانین کی خلاف ورزی دیکھی جس کے بعد انہوں نے خلاف ورزی کے مرتکبین پر 25000 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔
اس موقعہ پر اسسٹنٹ لیبر کمشنر نے تمام دکانداروں اور دیگر متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ لیبر محکمہ کی جانب سے جاری کردہ قوانین پر من و عن عمل کریں جبکہ جو بھی ان قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائے گا ان کے خلاف قانونی کارورائی ہو گی ۔
Comments are closed.