اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کو پکڑنے کے لیے امریکہ کا دس لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

القائدہ کے سابق لیڈر اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر امریکہ نے 10 لاکھ ڈالر کا انعام مختص کیا ہے۔

امریکہ کے دفتر خارجہ کے مطابق حمزہ بن لادن اسلامی عسکریت پسند گروہ کے ایک اہم رہنما کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔

حالیہ سالوں میں انھوں نے اپنے والد کی موت کا بدلہ لینے کے لیے آڈیو اور ویڈیو پیغامات میں اپنے پیروکاروں کو امریکہ اور اس کے حامی مغربی ممالک پر حملہ کرنے کی دعوت دی۔

Rewards for Justice

@Rewards4Justice

WANTED. Up to $1 million for information on Hamza bin Laden, an emerging al-Qa’ida leader. Hamza is son of Usama bin Laden and has threatened attacks against the United States and allies. Relocation possible. Submit a tip, get paid. http://www.rewardsforjustice.net 

سنہ 2011 میں امریکی سیل ٹیم نے اسامہ بن لادن کو پاکستان میں ہلاک کر دیا تھا۔

اسامہ بن لادن نے 11 ستمبر 2001 میں امریکہ پر ہوئے اُن حملوں کا حکم دیا تھا جن میں تقریباً 3000 لوگ لقمۂ اجل بنے۔

امریکہ نے 30 سالہ حمزہ بن لادن کو دو سال پہلے سرکاری طور پر عالمی دہشت گرد قرار دے دیا تھا۔

حمزہ بن لادن نے محمد عطا کی بیٹی سے شادی کی۔ یہ وہی محمد عطا ہیں جنھوں نے 2001 کے حملوں میں استعمال ہونے والے چار طیاروں میں سے ایک کو ہائی جیک کر کے نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے ٹکرا دیا تھا۔

امریکہ کے دفتر خارجہ کے مطابق ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے حاصل کیے جانے والے خطوط سے ظاہر ہوا کہ وہ اپنے سب سے پسندیدہ بیٹے حمزہ کی تربیت کر رہے تھے تاکہ حمزہ القائدہ کے رہنما کے طور پر ان کی جگہ لے سکیں۔

امریکہ کے صفارتی تحفظ کے نائب سیکرٹری مائیکل ایون آف کا کہنا ہے ‘ہمارا ماننا ہے کہ وہ شاید افغاناستان اور پاکستان کے بارڈر کے آس پاس ہیں۔۔۔ شاید وہ ایران بھی چلے جائیں۔ لیکن وہ جنوب وسطی ایشیا میں کہیں بھی ہو سکتے ہیں۔’

کہا جاتا ہے کہ حمزہ بن لادن نے اپنی والدہ کے ساتھ ایران میں کئی سال گزارے جہاں ان کی شادی محمد عطا کی بیٹی سے ہوئی۔ جبکہ دیگر رپورٹس اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ وہ پاکستان، افغانستان یا شام میں مقیم رہے۔

source: bbc.com/urdu

Comments are closed.