اجودھیا میں مندر تھا ، ہے اور رہے گا ، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا رام کی عالیشان مورتی نصب کرنے کا اعلان

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اجودھیا میں رام کی ایک عالیشان مورتی نصب کرنے کا اعلان کیا ہے، جو اجودھیا کی شناخت بنے گی ۔ انہوں نے یہ اعلان فیض آباد کا نام بدل کر اجودھیا کرنے کے دوسرے دن کیا ۔ وزیر اعلی یوگی نے ہنومان گڑھی مندر میں پرارتھنا کے بعد صحافیوں سے کہا کہ انہوں نے دو جگہوں کو رام مورتی نصب کرنے کیلئے منتخب کیا ہے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ مورتی کی تعمیر کرانے پر وہ غور کررہے ہیں ۔ ہم مستقبل میں  اس پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ کہ ہم اس پروجیکٹ پر آگے بڑھ رہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں آرکیٹکٹوں سے کئی مشورے مانگے گئے ہیں ۔ اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر پر یوگی نے کہا کہ آپ کو پتہ ہے کہ اجودھیا میں پہلے سے ہی ایک مندر ہے ، مندر تھا ، ہے اور رہے گا ۔ سبھی متبادل کھلے ہیں ، لیکن حل قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے نکالا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے میرا فرض اور ذمہ داری ہے کہ صوبہ کے سبھی مقامات کی ترقی ہو،اس کیلئے میں پرعزم ہوں۔اس سے نہ صرف ٹورزم کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار بھی ملے گا۔دیوالی اجودھیا کی دین ہے۔پورا ملک پرشوتم رام کی وجہ سے یہ تہوار مناتاہے۔

Comments are closed.