آ ج سے موسم کی قہرسامانیوں کا امکان۔لوگوں سے احتیا ط برتنے کی تلقین

شدید اور تباہ کن برفباری متوقع۔ زمینی اور فضائی روابط منقطع رہنے کاخدشہ

سرینگر18جنوری /سی این ایس / محکمہ موسمیات نے سنیچر سے وادی کشمیرمیں بھاری برفباری کی پیشن گوئی دہراتے ہوئے کہا ہے کہ برفباری کے ایام میں زمینی اور فضائی روابطے منقطع ہونے کے ساتھ ساتھ عام معمولات متاثر ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کاسلسلہ 23جنوری تک جاری رہ سکتا ہے جسکے بعد موسم کی صورتحال میں بتدریج بہتری آسکتی ہے۔سی این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری جنوری23تک بہت بھاری اور شدید ہوگی۔ بھاری برف باری کے سبب ہوائی سروس ، جموں وکشمیر شاہراہ ، لداخ سرینگر شاہراہ کے علاوہ مغل روڑ اور دیگر بالائی علاقوں کی سڑکیں بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں۔مذکورہ موسمی ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان ایام میں دن کے درجہ حرارت میں واضح کمی ہوگی جبکہ رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے ایک آ فیسرکے مطابق کہ پہلے ہی اس ایڈوائزری کو جاری کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ لوگ موسم کے متعلق بروقت جانکاری حاصل کر سکیں۔ محکمہ موسمیات کے ڈائر یکٹر سونم لوٹس اس کی تصدیق کرتے ہو ئے بتایا کہ ہم نے ایڈوائزی جاری کی ہے لیکن یہ بتانہیں سکتے ہیں کہ کیا برف باری سے یہ شاہرائیں بند ہوں گی یا نہیں تاہم مسافروں اور لوگوں کو پہلے ہی برف باری کی جانکاری ہونی چاہئے۔ بحیرہ عرب سے اٹھنے والی لہروں کی وجہ سے کشمیر وادی اور جموں صوبے کے سرمائی زون کے علاقوں میں موسم کی صورتحال ابتر ہونے کی پیشن گوئی کرتے ہوئے سونم لوٹس نے کہا ہے کہ20سے 24جنوری تک وادی کشمیر میں درمیانہ درجے سے لے کر بھاری برفباری ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں عام معمولات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کھیت کھلیاں،زراعت اورباغبان کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ سونم لوٹس کے مطابق بحیرہ عرب میں اٹھنے والی لہریں کشمیر اور شمالی بھارت کی بعض ریاستوں میں موسم پر اثر انداز ہوسکتی ہیں جس سے کشمیر میں کافی برفباری ہونے کا خطرہ ہے اور یہ سلسلہ 24جنوری تک جاری رہ سکتا ہے تاہم انہوں نے کہا25جنوری کے بعد موسم کی صورتحال میں بتدریج بہتری آسکتی ہے۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی اس پیشن گوئی کے پیش نظر کشمیر کی صوبائی انتظامیہ نے وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو خبر دار رہنے کی ہدایت دی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ امکانی برفباری کے دوران لوگوں کی نقل و حمل کو متاثر نہ ہونے دینے کے لئے عملے کو تیار رکھیں۔ صوبائی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مال مویشیوں کے ساتھ ساتھ باغات اور کھیت کھلیانوں کو نقصان سے بچانے کا بھی خیال رکھیں جبکہ بالائی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ برفباری کے دوران چٹانین یا پسیاں گر آنے کے خدشے کے پیش نظرعبورومرور میں احتیاط سے کام لیں تاکہ امکانی صورتحال کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو جائے۔ صوبائی کمشنر نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کھانے کی چیزیں ذخیرہ کرکے رکھیں اور برفباری کے دوران اْدھر ادھر گھومنے کی کوشش نہ کریں۔۔ادھر موسمی حالات کی پیشن گوئی کے پیش نظر ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے آج امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران مختلف محکموں کی طرف سے کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا تاکہ ضلع میں برفباری کی وجہ سے اہم خدمات میں رُخنہ نہ پڑے ۔ترقیاتی کمشنر نے لائین محکموں پر برفباری سے نمٹنے کے لئے سُرعت کے ساتھ اقدامات کرنے پر زوردیا ۔ترقیاتی کمشنر نے برف ہٹانے کی مشینوں کو حساس مقامات پر تیاری کی حالت میں رکھنے کی ہدایت دی۔انہوں نے ہسپتالوں سمیت اہم تنصیبات کی طرف جانے والی سڑکوں سے فوری طور برف ہٹانے کی ہدایت دی۔ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ برفباری کی پیشن گوئی کے پیش نظر افرادی قوت اور مشینری کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے اوربرفباری شروع ہونے کے ساتھ ہی ہنگامی بنیادوں پر اہم شاہراؤں سے برف ہٹانے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔دریں اثنأ میٹنگ میں بتایا گیا کہ وادئ گریز سمیت پورے ضلع میں راشن اور ایل پی جی کا سٹاک کیا گیا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ان نمبرات پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔صوبہ کشمیر میں درمیانہ اور بھاری برفباری کی پیشن گوئی کے پیش نظر ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا نے آج ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکموں کی طرف سے کی جارہی تیاریوں کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے دوران اہم شاہراؤں اوردیگر سڑکوں سے برف ہٹانے،ٹریفک منیجمنٹ ،واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی،ڈیزاسٹر رسک،بچاؤ کا رروائیوں اورافرادی قوت اورمشینری کو دستیاب رکھنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقین کو موسمی پیشن گوئی کے پیش نظر اگلے چند دنوں تک پوری طرح متحرک رہنے اور لائین محکموں کے ساتھ قریبی تال میل قائم رکھنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ ضلع اور سب ضلع سطح پر قائم کئے گئے کنٹرول روم دن رات کام کریں گے۔ڈاکٹر سنگلا نے تمام محکموں کے سربراہوں کو عوامی مشکلات کے حل کے لئے دستیاب رہنے کی ہدایت دی تاکہ موسم سرما کے ان مشکل ایام میں لوگوں کے لئے راحت رسانی کے اقدامات یقینی بنائے جاسکیں

Comments are closed.