آئی جی کشمیر نے سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا

سری نگر،13جولائی

انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی نے ہفتے کے روز کشمیرصوبے کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کے روز پولیس کنٹروم کشمیر میں آئی جی پی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پولیس ، فوج ، سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں وادی کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں مذہبی جلوس برآمد ہوتے ہیں جس دوران ہجوم پر قابو پانے ، ٹریفک نظام اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں درپیش چیلنجز سے متعلق حفاظتی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
آئی جی پی کشمیر نے محرم الحرام کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ رات کے جلوسوں کے دوران چوکسی بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔
موصوف ترجمان کے مطابق میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر نے آفیسران کو حکم دیا کہ حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے امام بارگاہوں اور مساجد کا دورہ کریں اور شیعہ سنی برادری کے ساتھ میٹنگ کریں ۔
آئی جی پی کشمیر نے تمام تقاریب اور زولجنا جلوسوں کے محفوظ اور پرامن انعقاد کے لیے شیعہ برادری کے رہنماوں اور اراکین کے ساتھ رابطے میں رہنے پر زور دیا۔
انہوں نے ضلعی سربراہان کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں جامع سیکورٹی حکمت عملی اور روٹ پلان مرتب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق میٹنگ کے آخرپر آئی جی کشمیر کو سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یاتریوں کی حفاظت کے لئے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
آئی جی کشمیر نے آفیسران کو ہدایت دی کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر یاتریوں کی نقل وحمل کے دوران چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔

Comments are closed.