لیفٹنٹ گورنر منوج سِنہا نے سپیشل نیشنل اِنٹگریشن کیمپ میں این سی سی کیڈٹوں سے خطاب کیا

سری نگر/24مئی

لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج نیشنل کیڈٹ کارپس (این سی سی) ڈائریکٹوریٹ جموں، کشمیر اور لداخ کی جانب سے منعقدہ ”سپیشل نیشنل اِنٹگریشن کیمپ“ میں شرکت کی۔ اُنہوں نے ملک بھر سے آئے این سی سی کیڈٹوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خصوصی کیمپ ہندوستان کے جذبے کی جیتی جاگتی علامت ہے جہاں ہر کیڈٹ نہ صرف تاریخ کا مشاہدہ کر رہا ہے بلکہ اسے فعال طور پر تشکیل دے رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا، ”ہندوستان اَپنے نوجوانوں پر اُمید اور اعتماد رکھتا ہے اوراِس یقین کے ساتھ کہ نوجوان نسل قوم کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ این سی سی کیڈٹوں کو چاہیے کہ وہ اِس اعتماد کا احترام کریں، این سی سی کی اَقدار اَپنی زِندگی میں اَپنا کر اور انہیں معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچائیں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہندوستان کے لئے تنوع سب سے بڑی طاقت ہے اور صدیوں سے ہماری سب سے بڑی خوبی یہ رہی ہے کہ ہم نے کثرت میں وحدت میں ڈھالااور بہت سی ثقافتوں کو ایک مشترکہ قومی جذبے میں پرویا ہے۔
اُنہوںنے این سی سی کیڈٹوں سے کہا، ”تنوع میں اِتحاد کی اَقدار اور قائدانہ خصوصیات جو آپ نے اس کیمپ میں سیکھی ہیں انہیں معاشرے کو بہتر بنانے کے لئے اِستعمال کیا جانا چاہیے۔ اِسی طرح یہاں بویا گیا حب الوطنی کا بیج پوری ذِمہ داری اور لگن کے ساتھ اَپنی ریاستوں اور شہروں کے نوجوانوں تک پہنچایا جانا چاہیے۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ این سی سی کے نوجوان آج بھی ہندوستان کی طاقت ہیں اور اس کے کل کے معمار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان ایک تیزی سے بدلتی دُنیا کے وارث ہیں جو کئی ممالک کے لئے بے چینی کا سبب بن سکتی ہے لیکن ہندوستان کے نوجوان پُراعتماد ہیں اور ان چیلنجوں کا ہمت اور صلاحیت سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔
اُنہوں نے کہا، ”میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ این سی سی کیڈٹوں میں غیر معمولی تخلیقی توانائی اور آگے بڑھنے کی مضبوط لگن موجود ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اِس توانائی کو واضح مقصد کے ساتھ بروئے کار لایا جائے تاکہ آپ مستقبل کے ہر چیلنج کا مضبوطی سے سامنا کر سکیں۔ این سی سی کا نصب العین ’اِتحاد اور نظم و ضبط‘ہے۔ اسی اصول کی رہنمائی میں آپ کو اَپنی ریاستوں اور خطوں میں اتحاد کو فروغ دینا چاہیے، سماجی مسائل کو بات چیت اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنا چاہیے اور ’وِکست بھارت ‘کی تعمیر میں اَپنا کردار اَدا کرنا چاہیے۔“
تقریب میں این سی سی کیڈٹوں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جن میں ہندوستان کی بھرپور ثقافتی تنوع کی عکاسی کی گئی۔ اس کیمپ میں ملک بھر سے 340 کیڈٹس اور این سی سی افسران شامل ہیں۔
اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل، نیشنل کیڈٹ کارپس (این سی سی) لیفٹیننٹ جنرل ویندر واٹس، جی او سی چنار کارپس لیفٹیننٹ جنرل بلبیر سنگھ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل این سی سی جموں کشمیر اور لداخ ڈائریکٹوریٹ میجر جنرل انوپندر بیولی، جی او سی 31سب ائیریا میجر جنرل ابھیجت مترا، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ،ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اَکشے لابرو، ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر نصیر احمد وانی، ڈائریکٹرکالجز پروفیسر شیخ اعجاز بشیر، این سی سی ڈائریکٹوریٹ، فوج، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور ملک بھر سے این سی سی کیڈٹس موجود تھے۔

Comments are closed.