کٹرا سری نگر کے درمیان خصوصی ٹرینوں کا دو روزہ اعلان، مسافروں اور سیاحوں کیلئے بڑی راحت

وادی کشمیر میں شدید برف باری کے بعد سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافے اور مسافروں کے غیر معمولی رش کے پیش نظر شمالی ریلوے کی جموں ڈویژن نے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا اور سرینگر کے درمیان دو روز کیلئے خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹرینیں 3 اور 4 فروری کو چلائی جائیں گی تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرتے ہوئے سفر کو آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ خصوصی خدمات کٹرا–سرینگر–کٹرا روٹ پر چلیں گی اور دونوں روز بانہال واحد اہم اسٹاپ رہے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کشمیر میں برفباری دیکھنے کیلئے آنے والے سیاحوں اور جموں کی جانب سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث معمول کی ٹرینوں میں شدید بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے نے مسافروں کی سہولت کیلئے اضافی ریل سروس متعارف کرائی ہے۔
سینئر ڈویژنل کمرشل مینیجر اُچت سنگھل نے بتایا کہ 27 اور 28 جنوری کو بھی اسی طرح کی خصوصی ٹرینیں چلائی گئی تھیں جو مسافروں کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوئیں۔ ان کے مطابق بڑھتے ہوئے رش کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر اضافی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور سیاحوں کے سفر میں آسانی برقرار رہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ موسم اور رش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کی مزید خدمات چلانے پر غور کیا جا سکتا ہے، تاکہ کشمیر آنے جانے والے مسافروں کیلئے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Comments are closed.