وادی کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل فوری طور حل کرنے کی بی بی ویاس کی ہدایت

گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے کہا ہے کہ وادی کشمیر کے لوگوں کو درپیش مسائل کو غور سے سُننے کے بعد ان کے حل کے لئے ایک موثر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
سرینگر میں عوامی دربار کے دوران عوامی وفود اور لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران مشیر موصوف نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ لوگوں کو موسم سرما کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل کے لئے متحرک رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی لوگ چھوٹے چھوٹے مسائل لے کر آتے ہیں تا ہم انہیں غور سے سُنا جانا چاہئے۔
مشیر نے کہا کہ لوگوں نے گورنر انتظامیہ کے ساتھ کافی اُمیدیں وابستہ کر رکھی ہیں جن کو پورا کرنا انتظامیہ کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے لوگوں سے بھی تلقین کی کہ وہ ریاست کی ترقی میں اپنا رول ادا کریں۔
بی بی ویاس نے عوامی دربار کے دوران50 وفود کے مسائل سُنے اور کئی مسائل کے حل کے لئے افسروں کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔
عوامی دربار کے دوران مشیر موصوف نے افسران سے مختلف سکیموں کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔
عوامی دربار میں مال، عوامی تقسیم کاری، زراعت، ہارٹی کلچر اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
بڈگام سے آئے ایک وفد نے رِنگ روڈ کی تعمیر کے لئے اُن سے حاصل کی گئی زمین کے معاوضے میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔
لال بازار کے ایک وفد نے علاقہ میں ڈرنیج اور سیوریج نظام کی تعمیر کی مانگ کی۔
گُریز سے آئے ایک وفد نے این ایچ پی سی پروجیکٹ سے متاثر ہوئے افراد کے حق میں نوکریوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
ترال سے آئے ایک وفد نے اپنے مسائل مشیر کی نوٹس میں لائے۔اس کے علاوہ کئی محکموں کے ملازمین نے بھی اپنے مطالبات مشیر کے سامنے رکھے۔
مشیر موصوف نے تمام وفود کے مسائل غور سے سُننے کے بعد جائیز مطالبات کو مرحلہ وار بنیادوں پر پورا کرنے کا یقین دلایا۔
اس دوران سرینگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر شیخ عمران نے بھی مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کر کے شہر سرینگر سے جڑے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
نمبر

Comments are closed.