کرکٹ اور دیگر کھیلوں کو سیاست سے دور رکھا جائے/معین الحق

مسئلہ کشمیر ہند پاک کے مابین تمام مسائل کی جڑ، کشمیر ی عوام کی رائے جانے بغیر کشمیر کا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا

0 38

سرینگر: بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرمعین الحق نے کہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے کیونکہ اسی سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری آسکتی ہے۔اسی دوران انہوں نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ پاک-بھارت تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی عوام کی رائے جانے بغیر کشمیر کا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق معروف انگریزی روزنامہ کو انٹرویو دیتے ہوئے نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر معین الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے بگڑتے تعلقات کھیلوں کے ذریعے بہتر ہوسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہونے چاہیں اور اگر دونوں ممالک سیاسی معاملات کو حل کرنے تک کھیلوں کو پس پشت ڈال دیں گے تو یہ دانش مندانہ فیصلہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں ہی بات چیت کی فضا قائم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں جس کی پاکستان اور بھارت کو ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کے معاملے میں پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے اور پاکستان نے کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی دو طرفہ مقابلوں کی سفارشات بھی پیش کی ہیں۔کشمیر کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کشمیر کا معاملہ پاک-بھارت تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی عوام کی رائے جانے بغیر کشمیر کا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔پاکستانی سرزمین پر بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی گئی۔پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو ‘طرفہ مذاکرات’ اور بھارت کی جانب سے ‘پیشگی شرائط’ ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔

تبصرے
Loading...