ویڈیو:پنجرن پلوامہ کے بعد ویری ناگ اننت ناگ کے جنگلات میں مختصر جھڑپ ، مقامی جیش جنگجو جاں بحق ، دو فرار

جنگلات میں کئی گھنٹوں تک تلاشی آپریشن کے بعد محاصرہ ختم ، اننت ناگ میںہڑتال ، انٹر نیٹ خدمات معطل

0 37

سرینگر// پنجرن پلوامہ کے بعد ویری ناگ اننت ناگ جنگلات میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مختصر گولیوں کے تبادلے میں مقامی جیش جنگجو جاں بحق ہو گیا جبکہ دو دیگر فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ اسی دوران کئی گھنٹوں کی تلاشی کارروائی کے دوران جنگلات میں کچھ برآمد نہ ہونے کے بعد فورسز نے تلاشی آپریشن ختم کیا ۔ ادھر مقامی جنگجو کی ہلاکت کے بعد ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کی گئی ۔سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ویری ناگ جنگلات میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ،و فورسز اور ایس او جی نے مشترکہ طور پر جنگلات کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی جس دوران جنگلات میں چھپے بیٹھے جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی کارورائی شروع کی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنگلات میں اس وقت گولیوں کی گن گرج سنائی دی جب جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کوشش کی ۔ ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ گولیوں کے ساتھ ہی فوج و فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی کارروائی کی اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی گولی باری میںایک مقامی جیش جنگجو جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے ساتھ دیگر دو ساتھی فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ جھڑپ میں جاں بحق جنگجوکی شناخت اقبال احمد ساکنہ نوپورہ ،ڈورو کے بطور ہوئی ہے ۔ پولیس نے جھڑپ میں ایک جنگجو کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے ایک جنگجو کی نعش برآمد کی گئی ہے اور اس کے قبضے سے اسلحہ و گولی بارود بھی ضبط کیا گیا ْ۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ جھڑپ کے مقام سے ایک جنگجو کی نعش کی بر آمد ہونے کے بعد اگرچہ فورسز نے کئی گھنٹوں تک جنگلات میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے فورسز نے جنگلات کئی گھنٹوں تک چھان مارے تاہم کسی بھی جگہ سے جنگجوئوں اور فورسز کے مابین آمنا سامنا نہیں ہوا اور نہ ہی کسی جگہ سے کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد نہ ہونے کے بعد جنگلات میں آپریشن ختم کیا گیا ۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ مقامی جنگجو کی ہلاکت کی خبر پھلتے ہی ضلع اننت ناگ کے بیشتر علاقوںمیں تعزیتی ہڑتال رہی جبکہ انتظامیہ نے افواہوں کی روکتھام کیلئے ضلع میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کی ۔ ( سی این آئی )

تبصرے
Loading...