پاکستان بھارت کیساتھ کشمیرسمیت تمام معاملات پر بات چیت کیلئے تیار

بھارت عالمی برادری کوگمراہ کرنے کا سلسلہ بند کرکے،زمینی حقائق اور کشمیر کے عوام کی امنگوں کا ادراک کرے / پاکستان

0 91

سرینگر/ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیرکے ہر مسئلے سمیت تمام معاملات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے کی بات کرتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت کشمیر کے تنازعے کے بارے میں عالمی برادری کوگمراہ کرنے کا سلسلہ بند کرے اور زمینی حقائق اور کشمیر کے عوام کی امنگوں کا ادراک کرے۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اسلام ااباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ خلیج فارس میں حالیہ پیشرفت پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ بردار بیڑے اور بمبار طیاروں کی تعیناتی سے متعلق امریکہ کے فیصلے نے کشیدگی میں اضافہ کیا اور مشرق وسطی کی ابتر سلامتی کی صورتحال مزید خراب ہوئی۔ترجمان نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی بڑے پیمانے پر جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔کشمیر میں بھارتی جارحیت پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ وادی فوجی کیمپ میں تبدیل ہوچکی ہے جہاں لوگوں کو نا انصافی ، حراساں کئے جانے اور بربریت کا سامنا ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت کشمیر کے تنازعے کے بارے میں عالمی برادری کوگمراہ کرنے کا سلسلہ بند کرے اور زمینی حقائق اور کشمیر کے عوام کی امنگوں کا ادراک کرے۔ انہوں نیکہا کہ بھارت مظالم کے ذریعے تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیرکے ہر مسئلے سمیت تمام معاملات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اپنی جیلوں میں قید 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہمارا مشن وہاں کے حکام سے رابطے میں ہے تاکہ قیدیوں کی رہائی اور انہیں ملک واپس بھجوانے کا عمل تیز کیا جاسکے ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ ہم بہت جلد سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کی اچھی خبر سنیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے 50 پاکستانیوں کو گزشتہ روز امریکہ سے پاکستان واپس بھجوایا گیا ہے۔ ایک اورسوال پر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی اس ماہ کی اکیس تاریخ سے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کا دو روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرا خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس اجلاس سے پاکستان کوعلاقائی امن و استحکام کیلئے اپنے مفادات کواجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ ( سی این آئی )

تبصرے
Loading...