پاکستان، بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بات چیت کریں

کشیدگی، بگڑتے حالات دونوں کو بڑے بحران میں دھکیل سکتے ہیں/امریکی خارجہ ترجمان

0 25

سرینگر// امریکا نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے پاکستان اوربھارت پر دوطرفہ بات چیت کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست مذاکرات کے حامی ہیں تاہم اس ڈائیلاگ کی رفتار اور دائرہ کار کا تعین دونوں ملک خود کریں گے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق امریکی خارجہ ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایک مرتبہ پھر پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت اورپاکستان کے درمیان تعلقات کوآگے بڑھانے کے ہرمثبت اقدام کی حمایت کریگا، بھارت اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پرکشیدگی میں کمی کے لیے دونوں ملکوں کوبراہ رست بات چیت کرنی چاہیے کیونکہ دونوں ملکوں کو عملی تعاون سے ہی فائدہ پہنچے گا، کشیدگی اوربگڑتے ہوئے حالات دونوں ملکوںکوایک بڑے بحران کی سمت دھکیل سکتے ہیں۔دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ خطے میں قریبی معاشی تعلقات کی سمت پیش رفت سے روزگارکے مواقع پیدا، افراطِ زر میں کمی آئے گی جبکہ توانائی کی فراہمی میں اضافہ ہو گا، بھارت اورپاکستان کے درمیان مستحکم تعلقات، دونوں ملکوں اورخطے کی ترقی اورخوشحالی کے لیے ضروری ہیں۔(سی این آئی)

تبصرے
Loading...