ویڈیو: اونتی پورہ کے نوجوان استاد کی زیر حراست ہلاکت کے خلاف ہڑتال سے وادی میں معمولات زندگی متاثر

24

بازار ویران ، سڑکیں سنسان ، اونتی پورہ اور شہر خاص کے حساس علاقوں میں سخت سیکورٹی انتظامات

سرینگر: پولیس حراست میں اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان استاد کی موت کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر شہر خاص کے حساس علاقوںمیںسخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ پوری وادی میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال سے معمول کی زندگی متاثر رہی ۔اسی دوران سیکورٹی وجوہات کی بانہال اور بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل سروس بھی معطل رہی ۔اسی دوران ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اونتی پورہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے تھے تاہم کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر کے کارگو کیمپ میں جنوبی قصبہ اونتی پورہ کے 28سالہ نوجوان رضوان اسد پنڈت کی موت کے خلاف مشتر کہ مزاحمتی قیادت نے ایک روزہ ہڑتال کی کال دی تھی ۔ ہڑتالی کال کے پیش نظر شہر خاص کے حساس علاقوں میں سخت انتظامات کے بیچ وادی کشمیر میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کے نتیجے میں معمول کی زندگی متاثر رہی ۔ سٹی رپورٹر کے مطابق شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں گذشتہ شب ہی پولیس گاڑیوں کے ذریعے گشت کا انتظام کیا گیا تھا اور حساس علاقوں میں پولیس اور سی آر پی ایف کے سینکڑوں اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔اہلکاروں کو اہم سڑکوں ،چوراہوںاور شاہراہوں پر تعینات کیاگیا تھا۔مائسمہ ، گائوکدل، ریڈ کراس روڑ، ایکسچینج روڑ،بڈشاہ چوک اور ملحقہ سڑکوں پر بھی پولیس اور فورسز کی بھاری تعداد تعینات رہی اور کئی سڑکوں کو دن بھر لوگوں کی آمدورفت کیلئے بند رکھا گیا۔ تاہم شہر کے سول لائنز ائریا میں اگر چہ اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی مگر لوگوں کی نقل و حمل پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی نہیں تھی۔ شہر کے کم وبیش تمام علاقوں میںغیر مہلک اسلحہ اور آلات سے لیس سیکورٹی فورسز اور پولیس کو امکانی گڑبڑ سے نمٹنے کیلئے تیار حالت میں دیکھاگیا۔ اس دوران ہڑتالی کال پر شہر اور اسکے گردونواح میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں، دکانیں، تجارتی مراکزا ور دفاتر وغیرہ بند رہے جبکہ گاڑیوں کی آمدروفت بھی بری طرح سے متاثر رہی ۔اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر ہمہ گیر ہڑتال کی وجہ سے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں اور سڑکیں بھی دن بھر سنسان نظر آئیںجس کی وجہ سے معمول کی زندگی درہم برہم رہی۔جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے کاروباری اور دیگر سرگرمیاں مفلوج رہیں۔ شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کشمیر کے تمام قصبوں اور دیگر تحصیل ہیڈکوارٹروں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق شمالی کشمیر کے تمام قصبوں اور دیگر تحصیل ہیڈکوارٹروں میںدکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی۔ سوپور اور شمالی کشمیر میں پتھراؤ کے کسی بھی واقعہ سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی تھی۔ وادی کشمیر کے دوسرے حصوں بشمول وسطی کشمیر کے گاندربل اور بڈگام اضلاع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اِن اضلاع میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔اسی دوران سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بانہال اور بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل خدمات بھی بند رہی جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ریلوئے کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ریل خدمات کو معطل کیا گیا ۔

تبصرے
Loading...