وادی میں موسم کی دگرگوں صورتحال کی وجہ سے اہلیان وادی پریشان

محکمہ موسمیات نے جمعرات سے اتوار تک پھر بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے

0 87

سرینگر: وادی میں گذشتہ چند دنوں سے موسم کی عجیب و غریب صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے جمعرات سے اتوار تک وادی میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کی پیش گئی کی ہے ۔ اتوار کو شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر بالائی و میدانی علاقوں میں بھاری بارشوں کا امکان جتاتے ہوئے محکمہ نے کہا ہے کہ درجہ حرارت میں فی الحال کوئی خاص اضافہ نہیں ہوگا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں گذشتہ چند دنوں سے موسم کی عجیب و غریب صورتحال دیکھنے کو ملی شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں دوپہر تک دھوپ کھلتی ہے جس کے بعد موسم اچانک تبدیل ہوجاتا ہے اور مطلع ابرآلود ہونے کے ساتھ ہی بارش شروع ہوجاتی ہے ۔ اس کے علاوہ بادل گرجنے اور بجلی کڑکنے کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہورہی ہے ۔ اس دگرگوں موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ جمعرات کو وادی میں کہیں کہیں پر گرج چمکنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ جمعہ کے روز بارشوں میں اضافہ ہوسکتا ہے اس کے ساتھ ہی سنیچر وار کو شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر بالائی و میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشیں ہوسکتی ہے ۔ جبکہ اتوار کو صبح ہی ہے موسم ابتر رہنے کے بیچ شدید بارشوں کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی میں فی الحال درجہ حرارت میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوسکتا کیوں کہ مطلع ابرآلود رہنے اور بارشوں کا وقفے وقفے سے جاری رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت کم ہوسکتا ہے جو سردیوں کا باعث بن سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں رواں برس کے پانچ ماہ میں اکثر اوقات موسم کی صورتحال دگرگوں رہی ہے اور زیادہ تر اہلیان وادی کو بارش کا سامنا ہی رہا ہے ۔ مسلسل موسم ابتر رہنے کے نتیجے میں فصلوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے کیوں کہ فصلوں کیلئے دھوپ انتہائی ضروری ہے اور اگر دھوپ کے بجائے زیادہ بارشیں ہوںگی تو فصل تباہ ہوسکتی ہے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس ماہ نومبر کے ابتدائی دنوں سے ہی وادی موسم خراب ہوگیا اور وادی میں بھاری برفباری ہوئی جس کے بعد ماہ مارچ تک کئی مرتبہ برفباری ہوئی ۔ جبکہ اپریل اور مئی میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔

تبصرے
Loading...