نریندر مودی سوچیں بند ریڈار پر 2 طیارے گرائے، چل رہے ہوتے تو کیا ہوتا؟/ شاہ محمود قریشی

بھارت سمیت کسی بھی ملک کیساتھ پاکستان کشیدگی کے حق میں نہیں ہے

0 164

سرینگر: بالا کوٹ حملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سوچیں بند ریڈار پر 2 طیارے گرائے اور اگر چل رہے ہوتے تو کیا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتا ہے ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کی اسمبلی کی خارجہ امورکمیٹی کے اجلاس میں خطاب کے دوران پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امریکا نے کوئی ویزہ پابندی نہیں لگائی، وزارت خارجہ نے امریکا سے معاملہ اٹھایا ہے جس پر امریکی سفارتخانے نے وضاحت جاری کی ہے، کل 70 غیرقانونی پاکستانی امریکا سے واپس آئیں گے، کچھ پاکستانی 70 اور 80 کی دہائی میں امریکا گئے تھے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ویزہ پابندی پاکستانی شہریوں پر نہیں لگی بلکہ وزارت داخلہ کے تین افسران پر لگی ہے، پابندی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری سمیت تین افسران پر کچھ وجوہات کی بنا پر لگائی گئی ہے جن میں جوائنٹ سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹ شامل ہیں، لہذا وضاحت دونوں طرف سے کر دی گئی ہے کہ پابندی پاکستان پر نہیں لگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی ویزے کے حوالے سے امریکا سے باہمی تعاون چاہتے ہیں، امریکا نے ملٹی پل ویزے کے حوالے سے کچھ تبدیلیاں کی ہیں اس پر بات چیت جاری ہے۔وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ریڈار نہیں چل رہے تھے تو دوطیارے مار گرائے، اگر ریڈار چل رہے ہوتے تو مودی صاحب سوچیں کہ کیا ہوتا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ ان حالات میں کشیدگی نہیں چاہتے، ایرانی وزیرخارجہ سے 3 نشستیں ہوئیں، ملاقاتوں کا مقصد متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور امریکا سے متعلق بات چیت بھی تھا، ہم ایران اور امریکا کشیدگی میں کسی کیمپ کا حصہ نہیں بنیں گے، اگر کسی کیمپ میں گئے تو اس کا امپیکٹ پاکستان پر بھی ہوگا تاہم اس معاملہ پر غور جاری ہے۔واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بالا کوٹ حملے سے قبل مشاورت کے دوران انہوں نے موسم کی خرابی، بارش اور آسمان پر چھائی بادلوں کی چادر کو دیکھ کر کہا کہ بادلوں کے باعث پاکستانی ریڈار بھارتی طیاروں کو دیکھ نہیں پائیں گے اس لیے ہمیں موسم کی خرابی کا فائدہ اْٹھاتے ہوئے حملہ کردینا چاہیے۔

تبصرے
Loading...